پی سی بی اجلاس: نئے آئین اور انتخابات سے متعلق درخواست کی توثیق

0 1,055

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس آج قذافی اسٹیڈیم میں ہوا جس میں نئے آئین، انتخابات کے انعقاد، بقایاجات کی وصولی اور کنٹریکٹ ملازمین سے متعلق اہم امور پر گفتگو ہوئی۔

یہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ کمیٹی کا چھٹا اجلاس تھا (تصویر: پی سی بی)
یہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ کمیٹی کا چھٹا اجلاس تھا (تصویر: پی سی بی)

نجم سیٹھی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں شہریار خان، شکیل شیخ، ظہیر عباس، اقبال قاسم اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، نے شرکت کی۔

انتظامی کمیٹی کے اراکین نے متفقہ طور پر پی سی بی چیئرمین کی جانب سے بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر کو ادارے کے لیے نئے آئین کی تیاری اور بغیر کسی تاخیر کے انتخابات منعقد کروانے سے متعلق درخواست کی توثیق کی۔

مزید برآں انتظامی کمیٹی کے چھٹے اجلاس میں سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کے دور میں ہونے والے اخراجات اور 2 ارب روپے کے بقایاجات سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔ انتظامی کمیٹی نے موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی کو یہ اختیار دیا کہ وہ اس معاملے پر تحقیقات کروائیں اور بقایا جات کی وصولی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں۔

اجلاس میں پی سی بی کے کنٹریکٹ ملازمین کو بھی ہیلتھ انشورنس اور دیگر مراعات فراہم کرنے کی منظوری دی گئی جو اس وقت مستقل ملازمین کو حاصل ہیں۔