یونس خان کے دل میں ورلڈ کپ کھیلنے کی تمنا

7 1,066

ایک سال سے زیادہ عرصے سے قومی ون ڈے ٹیم سے باہر یونس خان کے دل میں اگلا ورلڈ کپ کھیلنے کی تمنا ہے اور انہوں نے اس کا برملا اظہار بھی کیا ہے۔

یونس خان ایک سال سے زيادہ عرصے سے قومی ون ڈے ٹیم سے باہر ہیں (تصویر: BCCI)
یونس خان ایک سال سے زيادہ عرصے سے قومی ون ڈے ٹیم سے باہر ہیں (تصویر: BCCI)

اختیارات نہ ہونے کی وجہ سے قیادت کا عہدہ چھوڑنے والے یونس خان گزشتہ سال کے اوائل میں قومی ون ڈے اسکواڈ سے باہر کردیے گئے تھے جبکہ ٹی ٹوئنٹی طرز سے وہ 2009ء میں پاکستان کو چیمپئن بنانے کے بعد ہی ریٹائرمنٹ لے چکے تھے۔ اب لے دے کر ان کے پاس صرف ٹیسٹ ٹیم میں جگہ ہی رہ گئی تھی لیکن قومی ٹیم کی کارکردگی میں عدم تسلسل اور مڈل آرڈر بیٹنگ میں ایک تجربہ کار بیٹسمین کی کمی کو محسوس کرتے ہوئے یونس سمجھتے ہیں کہ ان میں ابھی محدود اوورز کے مقابلے کھیلنے کی کافی صلاحیت موجود ہے۔

لاہور میں قومی تربیتی کیمپ کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یونس نے کہا کہ وہ کسی بیرونی دباؤ کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی خواہش کے مطابق کھیل کو چھوڑنا چاہتے ہیں اور جب تک ان میں کھیلنے کی تڑپ موجود رہے گی، وہ کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔

یونس خان نے کہا کہ 15 سالوں تک کرکٹ کھیلنے کے بعد اب میرے طویل المیعاد اہداف تو نہيں ہوسکتے کہ میں 2019ء کا ورلڈ کپ کھیلوں، لیکن پھر بھی میری خواہش ہے کہ اگلے عالمی کپ میں میں پاکستان کی نمائندگی کروں۔

یونس 253 ایک روزہ مقابلے میں 7 ہزار سے زیادہ رنز بنا کر پاکستان کی تاریخ کے سرفہرست ایک روزہ بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں اور اگر آئندہ دورۂ سری لنکا اور اس کے بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں ان کی عدم موجودگی میں قومی بیٹنگ لائن اپ کی کارکردگی بہتر نہ ہوئی تو غالب امکان ہے کہ یونس اگلے سال عالمی کپ میں میدان عمل میں نظر آئیں۔ فی الوقت تو ان کی فٹنس لاجواب ہے اور اس کی تعریف تربیتی عملے نے بھی کی ہے۔

ورلڈ کپ 2015ء اگلے سال کے اوائل میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا۔