شاہد آفریدی ریسٹ آف دا ورلڈ؛ عمر گل اور سعید اجمل ایم سی سی میں شامل

5 1,176

انگلستان کے تاریخی میدان لارڈز کی 200ویں سالگرہ کو یادگار بنانے کے لیے ریسٹ آف دا ورلڈ (Rest of the World) اور میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کے درمیان ایک روزہ کرکٹ میچ جولائی کے اوائل میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان کے تین کھلاڑی شاہد آفریدی، عمر گل اور سعید اجمل بھی حصہ لیں گے۔

تینوں کھلاڑی 2009ء ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی فاتح ٹیم کا حصہ تھے (تصویر: AFP)
تینوں کھلاڑی 2009ء ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی فاتح ٹیم کا حصہ تھے (تصویر: AFP)

پانچ جولائی بروز ہفتہ ہونے والے اس مقابلے میں آل راؤنڈر شاہد آفریدی ریسٹ آف دا ورلڈ کی نمائندگی کر رہے ہیں جبکہ عمر گل اور سعید اجمل ایم سی سی کی ٹیم میں شامل ہیں۔ یوں قوی امکان ہے کہ لارڈز کے میدان میں آفریدی بمقابلہ گل اور آفریدی بمقابلہ اجمل دیکھنے کو مل سکے گا۔

ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر ایم سی سی ٹیم کی قیادت کریں گے جنہیں عمر گل اور سعید اجمل کے علاوہ ہم وطن راہول ڈریوڈ، ویسٹ انڈیز کے برائن لارا اور شیونارائن چندرپال، ٹی ٹوئنٹی طرز کرکٹ کے سرفہرست بلے باز ایرون فنچ اور ان کے ہم وطن بریٹ لی اور شان ٹیٹ کا ساتھ حاصل رہے گا۔

ریسٹ آف دا ورلڈ ٹیم کے قائد سابق آسٹریلوی اسپنر شین وارن ہوں گے جن کے ساتھ شاہد آفریدی کے علاوہ سابق انگلش بلے باز کیون پیٹرسن، سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے مرلی دھرن، سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر بلے باز ایڈم گلکرسٹ بھی شامل ہیں۔

اس مقابلے میں شامل تینوں پاکستانی کھلاڑی اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے 21 جون 2009ء کو اسی میدان پر سری لنکا کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں شکست دی تھی۔ شاہد آفریدی کو فتح گر نصف سنچری پر مرد میدان قرار دیا گیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے عمر گل اور شاہد آفریدی لارڈز میں سب سے زیادہ 6، 6 بار قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں جبکہ سعید اجمل کو یہ موقع 4 بار مل چکا ہے۔

ریسٹ آف دا ورلڈ میں شامل کھلاڑی یہ ہیں:

نام ملک
ایڈم گلکرسٹ آسٹریلیا
پال کالنگووڈ انگلستان
پیٹر سیڈل آسٹریلیا
تمیم اقبال بنگلہ دیش
ٹینو بیسٹ ویسٹ انڈیز
شاہد آفریدی پاکستان
شین وارن * آسٹریلیا
کیون پیٹرسن انگلستان
مرلی دھرن سری لنکا
وریندر سہواگ بھارت
یووراج سنگھ بھارت

ایم سی سی کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

نام ملک
ایرون فنچ آسٹریلیا
برائن لارا ویسٹ انڈیز
بریٹ لی آسٹریلیا
ڈینیئل وٹوری نیوزی لینڈ
راہول ڈریوڈ بھارت
سچن ٹنڈولکر * بھارت
سعید اجمل پاکستان
شان ٹیٹ آسٹریلیا
شیونارائن چندرپال ویسٹ انڈیز
عمر گل پاکستان
کرس ریڈ انگلستان