کرکٹ کی تاریخی وڈیوز کا مجموعہ خطرے میں

1 1,123

اگر آپ انٹرنیٹ پر کرکٹ کی وڈیوز دیکھنے کے 'مرض' میں مبتلا ہیں اور (پاکستان میں پابندی سے قبل) یوٹیوب پر باقاعدگی سے اپنی 'بیماری' کا علاج کرتے رہے ہیں تو Robelinda کا نام آپ کے لیے ہرگز نیا نہیں ہوگا۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے روب موڈی تقریباً ڈھائی ہزار نایاب و کمیاب وڈیوز کا اتنا شاندار کلیکشن یوٹیوب پر جمع کرچکے ہیں کہ اس کارنامے پر انہیں بین الاقوامی کرکٹ کونسل یا وزڈن کی جانب سے کوئی اعزاز ملنا چاہیے۔ لیکن اب روب کے لیے معاملات سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔ آج ٹوئٹر پر انہوں نے اپنے پرستاروں کو بتایا کہ ان کے مشہور زمانہ یوٹیوب چینل پر ہی پابندی لگ سکتی ہے۔

وڈیوز کی ویب سائٹ یوٹیوب کی پالیسی کے مطابق اگر کسی چینل کے خلاف تین مرتبہ کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کی اپیل کامیاب ہوجائے تو اسے یوٹیوب بند کردیتا ہے۔ کرک نامہ کا یوٹیوب چینل بھی اسی پالیسی کا شکار ہوکر بند ہوچکا تھا اور درجنوں وڈیوز ضائع ہوگئی تھیں۔ ماضی میں روب موڈی ان کوششوں کے خلاف اپیل کرکے بچتے رہے ہیں اور ان سے جب بھی کاپی رائٹ معاملات پر سوالات پوچھے گئے تو وہ ہمیشہ بہت مطمئن دکھائی دیتے تھے لیکن اب کی بار لگتا ہے کہ وہ سخت مسئلے میں گھر گئے ہیں۔

آج کیے گئے ٹوئٹس میں انہوں نے بتایا کہ جدیجا بمقابلہ پونٹنگ رن آؤٹ کی وڈیو یوٹیوب کی جانب سے ختم کردی گئی ہے اور اب اگر مزید ایک وڈیو نشانہ بنی تو ان کا چینل بند ہوجائے گا۔ دوسرے ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ ان کا خاتمہ قریب ہے۔

اگر، خدانخواستہ، روب کا چینل بند کردیا جاتا ہے تو شائقین کرکٹ سچن تنڈولکر کے پہلے ون ڈے رن، جاوید میانداد اور ڈینس للی کے جھگڑے، وسیم اکرم، وقار یونس اور جوئیل گارنر کی گھنٹوں پر محیط باؤلنگ وڈیوز، انضمام الحق کے درجنوں رن آؤٹس، ویوین رچرڈز کے کئی چھکوں، کولن کرافٹ، جوئیل گارنر، عمران خان اور گلین میک گرا کی تباہ کن باؤلنگ، رکی پونٹنگ، برائن لارا اور شاہد آفریدی کی شاندار بیٹنگ، جونٹی رہوڈز کی ناقابل یقین فیلڈنگ اور 80ء اور 90ء کی دہائی کے تقریباً تمام یادگار لمحات کی وڈیوز گنوا بیٹھیں گے جو اس وقت روب کے چینل کی زینت ہیں۔

1981ء سے اب تک براہ راست نشر ہونے والے کرکٹ مقابلوں کی ریکارڈنگ کرنے والے روب موڈی کا کلیکشن ہزاروں وڈیو کیسٹوں پر موجود تھا جسے بعد ازاں انہوں نے ہارڈ ڈسکس اور ڈی وی ڈیز پر منتقل کیا۔ روب نے بتایا تھا کہ ان کی کلیکشن 4 ٹیرابائٹس کی 35 ہارڈ ڈسکس پر محفوظ ہے اور وہ انہیں 25 ہزار ڈی وی ڈیز پر منتقل کر چکے ہیں۔

اب آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ کیے گئے اس خزانے کو خطرہ لاحق ہے، اور اگر یوٹیوب نے اپنی پالیسی کا اطلاق کیا تو شاید کرکٹ کے پرستار ان تاریخی وڈیوز سے محروم ہوجائیں۔

روب موڈی کو بھیجا گیا یوٹیوب کا اطلاع نامہ (تصویر: Twitter-Rob Moody)
روب موڈی کو بھیجا گیا یوٹیوب کا اطلاع نامہ (تصویر: Twitter-Rob Moody)