سری لنکا صرف 67 رنز پر ڈھیر، انگلستان نے سیریز میں برتری حاصل کرلی

1 1,022

سری لنکا اور انگلستان کے درمیان جاری سیریز بلے بازوں کے لیے سخت امتحان ثابت ہو رہی ہے اور ہر گزرتے مقابلے کے ساتھ کسی ایک ملک کے بلے باز بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنی ٹیم کی شکست کی وجہ بن رہے ہیں اور اولڈ ٹریفرڈ میں تو حد ہی ہوگئی، جہاں سری لنکا محض 67 رنز پر ڈھیر ہوا اور انگلستان نے مقابلہ باآسانی 10 وکٹوں سے جیت کر سیریز میں دو-ایک کی برتری لے لی۔

کرس جارڈن نے مختصر کیریئر میں پانچ وکٹیں حاصل کیں (تصویر: PA Photos)
کرس جارڈن نے مختصر کیریئر میں پانچ وکٹیں حاصل کیں (تصویر: PA Photos)

دوسرے ون ڈے میں سری لنکا کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے انگلستان کے 99 رنز پر آل آؤٹ ہوجانے کے بعد میزبان ٹیم کو سخت تنقید کا سامنا تھا لیکن کرس جارڈن کی تباہ کن باؤلنگ نے اگلے ہی مقابلے میں سارے حساب چکتا کردیے۔ سری لنکا کا کوئی بیٹسمین 13 رنز سے آگے نہ بڑھ سکا، جو کمار سنگاکارا نے بنائے، ان کے علاوہ صرف مہیلا جے وردھنے 12 اور اینجلو میتھیوز 11 رنز کے ساتھ دہرے ہندسے تک پہنچے ۔ باقی لاہیرو تھریمانے 7،تلکارتنے دلشان 2، دنیش چندیمال 6 اور آشان پریانجن 2 رنز بناکر مایوس کن انداز میں میدان سے لوٹے۔

مانچسٹر میں گیندبازوں کے لیے سازگار حالات میں انگلستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ سنبھالی اور پھر جب جیمز اینڈرسن نے مسلسل دو اوورز میں سری لنکن اوپنرز دلشان اور تھریمانے کو آؤٹ کیا تو گویا بند ٹوٹ گیا۔ کرس جارڈن دوسرے اینڈ نے سری لنکن بیٹنگ لائن اپ پر پل پڑے۔ سنگا، چندیمال اور میتھیوز جیسے مستند بلے بازوں کے علاوہ انہوں نے نووان کولاسیکرا اور لاستھ مالنگا کی صورت میں آخری دو وکٹیں بھی سمیٹیں اور کیریئر میں پہلی بار 5 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔

سری لنکا کی اننگز محض 24 ویں اوور میں 67 رنز تر مکمل ہوئی، جو ان کی تاریخ کا تیسرا کم ترین مجموعہ ہے۔ ٹیم کی آخری 6 وکٹیں محض 9 رنز کے اضافے سے گریں۔

یہ سیریز اب تک بلے بازوں کے لیے بھیانک خواب ہے۔ پہلے مقابلے میں سری لنکا محض 144 رنز پر آؤٹ ہوجانے کے بعد مقابلہ ہارا تھا۔ دوسرے میچ میں انگلستان صرف99 رنز پر ڈھیر ہوا اور اب سری لنکا اپنی تاریخ کے تیسرے کم ترین اسکور پر دھر لیا گیا۔

بہرحال، اس کارکردگی کے بعد سری لنکا کے لیے جیت کی امید رکھنا عبث تھا۔ انگلستان کے حوصلے آسمانوں کو چھو رہے تھے جس نے کپتان ایلسٹر کک اور این بیل کی بیٹنگ کی بدولت تیرہویں اوور کی پہلی گیند پر ہی ہدف کو جا لیا، وہ بھی بیل کے شاندار چھکےکے ساتھ۔ کک 40 گیندوں پر 30 اور این بیل 33 گیندوں پر 41 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

یوں انگلستان نے گزشتہ مقابلے سے ملنے والی ذلت کا داغ کسی حد تک دھو دیا اور اب اسے سیریز ہتھیانے کے لیے بقیہ دو مقابلوں میں سے محض ایک جیتنے کی ضرورت ہے۔ دونوں ٹیمیں اب 31 مئی کو لارڈز میں مدمقابل ہوں گی۔