[ریکارڈز] ون ڈے تاریخ کے کم ترین مجموعے

1 1,033

سن 2012ء کے اوائل میں جب سری لنکا جنوبی افریقی سرزمین پر پہنچا اور پہلے ایک روزہ مقابلے کے لیے پارل کے بولینڈ پارک میں 302 رنز کا تعاقب شروع کیا تو اس کے بلے بازوں کے پاس جنوبی افریقہ کی تباہ کن باؤلنگ کا کوئی جواب نہ تھا۔ پوری ٹیم اپنی تاریخ کے کم ترین مجموعے 43 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں بدترین شکست سے دوچار ہوئی۔ یہ وہی میدان تھا جہاں 2003ء کے عالمی کپ میں کینیڈا 36 رنز پر ڈھیر ہوا تھا۔ یہاں کی وکٹ میں ایسا کچھ ہے، بہرحال گزشتہ شب سری لنکا کے بلے بازوں نے اولڈ ٹریفرڈ میں جو "کارنامہ" انجام دیا ہے، وہ لنکن کرکٹ تاریخ کا تیسرا کم ترین مجموعہ ہے جہاں وہ 67 رنز پر آل آؤٹ ہونے کے بعد مقابلہ بری طرح ہار گیا۔

سری لنکا انگلستان کے خلاف اپنی تاریخ کے تیسرے کم ترین مجموعے پر ڈھیر ہوا، صرف 67 رنز (تصویر: Getty Images)
سری لنکا انگلستان کے خلاف اپنی تاریخ کے تیسرے کم ترین مجموعے پر ڈھیر ہوا، صرف 67 رنز (تصویر: Getty Images)

پارل کی دردناک یاد کے علاوہ سری لنکا ایک مرتبہ محض 55 رنز پر بھی تمام کھلاڑیوں سے محروم ہوا ہے، لیکن یہ اس وقت کی بات ہے جب سری لنکا دنیائے کرکٹ میں نوآموز تھا۔ دسمبر 1986ء میں شارجہ میں کھیلے گئے مقابلے میں اس کا سامنا 'کالی آندھی' ویسٹ انڈیز سے تھا اور 249 رنز کے تعاقب میں پوری لنکن ٹیم 55 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اس مقابلے میں کورٹنی واش نے آخری پانچ وکٹیں سمیٹ کر ویسٹ انڈین فتح کو ممکن بنایا جس میں آخری چار بیٹسمینوں کا بولڈ ہونا بھی شامل ہے۔

مجموعی طور پر ایک روزہ کرکٹ تاریخ کا کم ترین اسکور 35 رنز ہے۔ یہ مایوس کن ریکارڈ زمبابوے کے پاس ہے جو اپریل 2004ء میں سری لنکا کے خلاف ہرارے میں قائم کیا تھا۔

اگر پاکستان کو دیکھا جائے تو وہ فروری 1993ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کیپ ٹاؤن میں 43 رنز پر ڈھیر ہوا تھا۔ ان میں سے 21 رنز تو صرف زاہد فضل کے تھے جبکہ ان کے بعد سب سے زیادہ رنز "فاضل بھائی" کے تھے، یعنی 10۔ باقی کسی کھلاڑی کو دہرے ہندسے تک پہنچنے کی توفیق بھی نہ ملی۔ یہاں بھی کورٹنی واش سب سے نمایاں تھے جنہوں نے 9 اوورز میں صرف 16 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ذیل میں ایک روزہ کرکٹ تاریخ کے کم ترین مجموعے پیش کیے جا رہے ہیں، ملاحظہ کیجیے:

ایک روزہ کرکٹ تاریخ کے کم ترین مجموعے

ٹیم مجموعہ بمقابلہ بمقام بتاریخ
 زمبابوے 35 رنز  سری لنکا ہرارے 25 اپریل 2004ء
 کینیڈا 36 رنز  سری لنکا پارل 19 فروری 2003ء
 زمبابوے 38 رنز  سری لنکا کولمبو 8 دسمبر 2001ء
 سری لنکا 43 رنز  جنوبی افریقہ پارل 11 جنوری 2012ء
 پاکستان 43 رنز  ویسٹ انڈیز کیپ ٹاؤن 25 فروری 1993ء
 زمبابوے 44 رنز  بنگلہ دیش چٹاگانگ 3 نومبر 2009ء
 کینیڈا 45 رنز  انگلستان مانچسٹر 13 جون 1979ء
 نمیبیا 45 رنز  آسٹریلیا پوچفیسٹرم 27 فرورک 2003ء
 بھارت 54 رنز  سری لنکا شارجہ 29 اکتوبر 2000ء
 ویسٹ انڈیز 54 رنز  جنوبی افریقہ کیپ ٹاؤن 25 جنوری 2004ء