یہ منکڈ کیا ہے؟

6 1,169

انگلینڈ اور سری لنکا کی ون ڈے سیریز اپنے اختتام کو پہنچی لیکن جاتے جاتے بقول کئی خودساختہ تبصرہ کاروں کے تنازع کا بیج بوگئی ہے۔ گو کہ آخری ون ڈے میں جوس بٹلر کا رن آؤٹ ہونا بالکل قانون کے مطابق تھا، لیکن یہ بات کہنا کہ یہ حرکت کھیل کی روح کے منافی تھی، اس لیے بے معنی ہے کہ سری لنکا کے باؤلر سچیتھرا سینانائیکے نے انہوں نے پہلے دو مرتبہ متنبہ کیا تھا کہ وہ گیند پھینکے جانے سے قبل اپنی کریز نہ چھوڑیں۔

سینانائیکے کے ہاتھوں جوس بٹلر کے رن آؤٹ کے بعد انگلش ذرائع ابلاغ نے ایک مرتبہ پھر رونا پیٹنا شروع کردیا ہے (تصویر: Getty Images)
سینانائیکے کے ہاتھوں جوس بٹلر کے رن آؤٹ کے بعد انگلش ذرائع ابلاغ نے ایک مرتبہ پھر رونا پیٹنا شروع کردیا ہے (تصویر: Getty Images)

بہرحال، اس واقعے کے حوالے سے جتنی بھی خبریں سامنے آئیں، ان میں ایک لفظ بہت تواتر کے ساتھ استعمال ہوا ”منکڈ“۔ یہ اس طرح رن آؤٹ کے لیے استعمال ہونے والی وہ غیر روایتی اصطلاح ہے ، جو بھارت کے گیندباز ونو منکڈ سے موسوم ہے۔ کرکٹ قوانین کے مطابق اگر باؤلر کے گیند پھینکنے سے قبل ہی نان اسٹرائیکر بیٹسمین اپنی کریز چھوڑ کر نکل پڑے تو باؤلر اپنے اینڈ پر وکٹیں بکھیر کر اسے رن آؤٹ کرسکتا ہے۔ ونو منکڈ وہ پہلے باؤلر تھے جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار کسی کھلاڑی کو اس طرح آؤٹ کیا تھا۔ دسمبر 1947ء میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے سڈنی ٹیسٹ میں انہوں نے حریف بیٹسمین بل براؤن کو ایک مرتبہ تنبیہ کرنے کے بعد اگلی بار موقع نہ دیا اور انہیں رن آؤٹ کردیا۔ اسی دورے میں ایک سائیڈ میچ میں بھی منکڈ بل براؤن کو اس طرح آؤٹ کرچکے تھے۔ ایک ہی سیریز میں دو مرتبہ اس طرح آؤٹ کیے جانے کے بعد آسٹریلیا کے ذرائع ابلاغ نے خوب شور چایا کہ یہ کرکٹ کی روح کے منافی حرکت ہے۔ لیکن اس وقت کے آسٹریلوی کپتان ڈان بریڈمین سمیت متعدد حلقوں نے منکڈ کا بھرپور دفاع کیا اور کہا کہ بھارتی باؤلر نے قانون کے عین مطابق کھلاڑی کو آؤٹ کیا اور اس میں غلطی بیٹسمین کی ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں صرف چار مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ کوئی بیٹسمین اس طرح رن آؤٹ ہوا ہو۔ بل براؤن کے علاوہ این ریڈپاتھ ، ڈیرک رینڈل اور سکندر بخت وہ بدنصیب بیٹسمین ہیں جو اس طرح آؤٹ قرار پائے۔ایک روزہ کرکٹ میں برائن لک ہرسٹ، گرانٹ فلاور، پیٹر کرسٹن کے بعد اب انگلستان کے جوس بٹلر گزشتہ روز اس طرح آؤٹ ہونے والے بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہوئے۔

آپ کے خیال میں کیا بیٹسمین کو اس طرح آؤٹ کرنا اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی ہے؟