پاکستان و بھارت کا خوف، آسٹریلیا درآمد شدہ بھارتی مٹی کی پچ بنائے گا

3 1,063

آسٹریلیا نے دنیائے کرکٹ پر کافی عرصے تک حکمرانی کی ہے۔ گزشتہ دہائی میں ہر طرز کی کرکٹ میں آسٹریلیا کا راج تھا اور پھر دھڑن تختہ ہوگیا۔ اہم کھلاڑیوں کے عالمی کرکٹ کو چھوڑتے ہی ٹیم آہستہ آہستہ زوال کی جانب بڑھتی چلی گئی لیکن اب مائیکل کلارک کی قیادت میں چند یادگار فتوحات سمیٹ رہی ہے اور کرکٹ آسٹریلیا سمجھتا ہے کہ یہی وقت ہے کہ ایک مرتبہ پھر ماضی کی بلندیوں کی جانب سفر کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جائے۔ لیکن ٹیسٹ نمبر ایک آسٹریلیا کو بخوبی اندازہ ہے کہ وہ اس وقت تک حقیقی عالمی نمبر ایک نہیں بن سکتا جب تک کہ برصغیر اور اس سے ملتی جلتی کنڈیشنز میں کامیابیاں نہ سمیٹے۔

عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کو بھارت کے آخری دورے میں چار-صفر سے شکست ہوئی تھی (تصویر: BCCI)
عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کو بھارت کے آخری دورے میں چار-صفر سے شکست ہوئی تھی (تصویر: BCCI)

اسی امر کو ذہن میں رکھتے ہوئے آسٹریلیا نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ برسبین میں نو تعمیر شدہ نیشنل کرکٹ سینٹر میں بھارت سے درآمد شدہ مٹی سے ایک خصوصی وکٹ تیار کرے گا جس پر بلے باز تیاری کرکے برصغیر کی وکٹوں سے شناسائی حاصل کرسکیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کے جنرل مینیجر پیٹ ہاورڈ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا اپنے ایک تہائی مقابلے برصغیر میں کھیلتا ہے اس لیے ہمیں ان وکٹوں سے زیادہ سے زیادہ آشنائی حاصل کرنا ہوگی۔

آسٹریلیا نے رواں سال اکتوبر میں پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلنی ہے جبکہ اگلے تین سالوں میں وہ بنگلہ دیش، سری لنکا اور بھارت کے دورے کرے گا۔ بھارت میں گزشتہ سیریز میں اسے چار-صفر کی ہزیمت سے دوچار ہونا پڑا تھا۔

گو کہ آسٹریلیا کے بلے باز پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل برسبین میں اس خصوصی وکٹ پر تربیت حاصل نہیں کرسکیں گے لیکن متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں یہ سیریز فیصلہ کرے گی کہ آسٹریلوی بلے باز اسپن باؤلنگ کے سامنے کتنے کمزور ہیں۔

متحدہ عرب امارات پاکستان کرکٹ کا نیا گھر ہے اور یہاں پاکستان کی کارکردگی بہت مثالی رہی ہے۔ اس نے 2012ء کے اوائل میں انہی میدانوں پر اس وقت کے عالمی نمبر ایک انگلستان کو تاریخ میں پہلی بار کلین سویپ کیا تھا جبکہ وہ آسٹریلیا اور بھارت کو شکست دینے کے بعد امارات پہنچا تھا۔

اگر اس سیریز میں آسٹریلیا پاکستان کی اسپن قوت کے سامنے ڈھیر ہوا تو پھر آئندہ دوروں کے لیے اسے سخت تیاری کرنا ہوگی اور برسبین کی یہ مجوزہ خصوصی وکٹ ان تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی۔