[ریکارڈز] کرس گیل 99 ناٹ آؤٹ، سوواں ٹیسٹ کھیلیں گے

محدود اوورکی کرکٹ میں اپنی جارحانہ بلے بازی کی وجہ سے معروف ویسٹ انڈیز کے کرس گیل ٹیسٹ کرکٹ میں اس سنگ میل تک پہنچنے والے ہیں، جسے تاریخ میں بہت ہی کم کھلاڑیوں نے عبور کیا ہے۔ گیل 100 ٹیسٹ مقابلے کھیلنے والے نویں ویسٹ انڈین کھلاڑی بننے والے ہیں۔

کرس گیل 100 واں ٹیسٹ کھیلنے والے نویں ویسٹ انڈین کھلاڑی ہوں گے (تصویر: AFP)

کرس گیل 100 واں ٹیسٹ کھیلنے والے نویں ویسٹ انڈین کھلاڑی ہوں گے (تصویر: AFP)

ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے درمیان 8 جون سے کنگسٹن، جمیکا میں شروع ہونے والا مقابلہ گیل کے کیریئر کا 100 ٹیسٹ ہوگا جس کے ساتھ ہی وہ اس منفرد کلب میں شامل ہوجائیں گے۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اب تک 58 کھلاڑی 100 یا اس سے زيادہ ٹیسٹ مقابلے کھیل چکے ہیں، جن میں تازہ اضافہ گیل کا ہوگا۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اس وقت سب سے زیادہ ٹیسٹ مقابلے کھیلنےکا اعزاز بھارت کے عظیم بیٹسمین سچن تنڈولکر کے پاس ہے جو 200 ٹیسٹ مقابلے کھیلنے والے تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں۔ ان کے بعد آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ اور اسٹیو واہ کا نام ہے جنہوں نے 168، 168 مقابلوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کی۔ سب سے زیادہ ٹیسٹ مقابلے کھیلنے والے ویسٹ انڈین کھلاڑی شیونرائن چندرپال ہیں جو اب تک 153 مقابلے کھیل چکے ہیں۔

34 سالہ گیل نے 2000ء میں زمبابوے کے خلاف پورٹ آف اسپین میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب تک 99 مقابلوں میں 42.01 کےبہترین اوسط کے ساتھ 6933 رنز بنا چکے ہیں۔ یعنی کہ وہ 7 ہزار رنز کا ہندسہ بھی عبور کرنے کے قریب ہیں۔ اگر وہ اسی ٹیسٹ مقابلے میں 67 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئے تو وہ '7 ہزار منصب' ساتویں ویسٹ انڈیز کے ساتویں بیٹسمین ہوں گے۔

7 ہزار رنز بنانے والے ویسٹ انڈین بلے باز

بلے باز ملک مقابلے رنز اوسط بہترین اننگز سنچریاں نصف سنچریاں
برائن لارا ویسٹ انڈیز 130 11912 53.17 400* 34 48
شیونرائن چندرپال ویسٹ انڈیز 153 11219 51.93 203* 29 62
ویوین رچرڈز ویسٹ انڈیز 121 8540 50.23 291 24 45
گیری سوبرز ویسٹ انڈیز 93 8032 57.78 365* 26 30
گورڈن گرینج ویسٹ انڈیز 108 7558 44.72 226 19 34
کلائیو لائیڈ ویسٹ انڈیز 110 7515 46.67 242* 19 39
ڈیسمنڈ ہینز ویسٹ انڈیز 116 7487 42.29 184 18 39

ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ کھیلنے والوں کی فہرست میں شیونرائن چندرپال کے علاوہ کرکٹ تاریخ کے چند انتہائی معروف نام شامل ہیں۔ اپنے وقت کے عظیم تیز باؤلر کورٹنی واش اس فہرست میں دوسرے اور بیٹسمین برائن لارا اس فہرست میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ویوین رچرڈز، گورڈن گرینج اور کلائیو لائیڈ جیسے عظیم نام بھی ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

سب سے زیادہ ٹیسٹ کھیلنے والے ویسٹ انڈین کھلاڑی

کھلاڑی ملک مقابلے رنز وکٹیں
شیونرائن چندرپال ویسٹ انڈیز 153 11219 9
کورٹنی واش ویسٹ انڈیز 132 936 519
برائن لارا ویسٹ انڈیز 131 11953 0
ویوین رچرڈز ویسٹ انڈیز 121 8540 32
ڈیسمنڈ ہینز ویسٹ انڈیز 116 7487 1
کلائیو لائیڈ ویسٹ انڈیز 110 7515 10
گورڈن گرینج ویسٹ انڈیز 108 7558 0
کارل ہوپر ویسٹ انڈیز 102 5762 114
کرس گیل ویسٹ انڈیز 99 6933 72

گیل 99 ٹیسٹ مقابلوں کے علاوہ 255 ون ڈے اور 42 ٹی ٹوئنٹی مقابلے بھی کھیل چکے ہیں اور بلاشبہ ویسٹ انڈیز کرکٹ کے اس وقت سب سے زیادہ مشہورو معروف کھلاڑی ہیں۔

Facebook Comments