سیریز میں شکست کے بعد ویسٹ انڈیز نے سروان کو طلب کر لیا

0 1,023

پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے ابتدائی تینوں میچز میں شکست کے بعد ویسٹ انڈیز نے تجربہ کار بلے باز رامنریش سروان کو ٹیم میں واپس طلب کر لیا ہے۔

سروان ان تین سینئر بلے بازوں میں سے ایک تھے جنہیں 'نئے خون' کی شمولیت کی خاطر پاکستان کے خلاف ہوم سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی تھی۔ رامنریش کے علاوہ شیونرائن چندر پال اور کرس گیل کو عالمی کپ 2011ء کے بعد اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا تھا۔

رام نریش سروان ویسٹ انڈیز کے تجربہ کار ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں

تاہم پاکستان کے خلاف 5 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کے ابتدائی تینوں میچز میں شکست کے بعد چوتھے ایک روزہ میچ کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں رامنریش سروان کا نام بھی شامل ہے۔ سروان ڈیوون اسمتھ کی جگہ طلب کیے گئے ہیں جو تینوں مقابلوں میں محمد حفیظ کے ہاتھوں ایک ہی انداز میں ایل بی ڈبلیو ہوئے تھے اور اپنی ناقص کارکردگی کے باعث ٹیم میں جگہ برقرار نہیں رکھ پائے۔

166 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینے والے تجربہ کار سروان نے عالمی کپ 2011ء میں 25 سے زائد کی اوسط سے 155 رنز بنائے تھے اور کوچ اوٹس گبسن کی جانب سے عالمی کپ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سینئر بلے بازوں کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد انہیں ہوم سیریز کے لیے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔

سروان ایک روزہ بین الاقوامی اور ٹیسٹ دونوں اقسام کی کرکٹ میں 40 سے اوپر کا شاندار اوسط رکھتے ہیں اور دونوں طرز کی کرکٹ میں 5 ہزار سے زائد رنز بھی بنا چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بھی پاکستان کے خلاف ہی مئی 2000ء میں کیا تھا جب پاکستان ویسٹ انڈیز کے دورے پر تھا۔

پاک- ویسٹ انڈیز سیریز کا چوتھا ایک روزہ بین میچ 2 مئی کو برج ٹاؤن، بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔ جس کے لیے اعلان کردہ ویسٹ انڈین ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔

ڈیرن سیمی (کپتان)، انتھونی مارٹن، آندرے رسل، دیوندر بشو، رامنریش سروان، روی رام پال، کارلٹن با، کرک ایڈورڈز، کیمار روچ، لینڈل سیمنز، مارلون سیموئلز، ڈیرن براوو اور ڈیوین براوو۔