[ریکارڈز] بنگلہ دیشی کرکٹ کے لیے ’’تسکین‘‘

2 1,059

گو کہ کرکٹ ریکارڈز کا کھیل ہے اور ان کا بننا اور ٹوٹنا معمول کا حصہ ہے لیکن کرکٹ کے بیشتر اہم ریکارڈز پر بڑی ٹیموں اور ان کے کھلاڑیوں کا قبضہ دیکھنے کو ملتا ہے جبکہ زمبابوے اور بنگلہ دیشی ٹیموں کا نام اکثر و بیشتر بدترین ریکارڈز کی فہرست ہی میں شامل ہوتا ہے۔ لیکن آج ایک بنگلہ دیشی کھلاڑی نے ایسا ریکارڈ قائم کیا ہے جس نے یقیناً ملک کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ نوجوان میڈیم فاسٹ باؤلر تسکین احمد، جنہوں نے بھارت کے خلاف کیریئر کے پہلے ون ڈے میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور یوں یہ کارنامہ انجام دینے والے بنگلہ دیش کے پہلے اور ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ کے صرف آٹھویں باؤلر بن گئے ہیں۔

تسکین احمد ایک روزہ کرکٹ تاریخ کے محض آٹھویں باؤلر ہیں، جنہوں نے پہلے ون ڈے میں پانچ وکٹیں لی ہوں (تصویر: AFP)
تسکین احمد ایک روزہ کرکٹ تاریخ کے محض آٹھویں باؤلر ہیں، جنہوں نے پہلے ون ڈے میں پانچ وکٹیں لی ہوں (تصویر: AFP)

رواں سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران آسٹریلیا کے خلاف پہلی بار کوئی بین الاقوامی مقابلہ کھیلنے والے تسکین کو بنگلہ دیش نے بھارت کے خلاف دوسرے ون ڈے میں ڈیبیو کروایا۔ دائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنے والے پیسر نے ابر آلود موسم میں جیسے ہی گیند سنبھالی، صرف دو گیندوں بعد ہی تیز بارش کی وجہ سے کھیل روکنے کا اعلان کردیا گیا۔ یہ کسی بھی نئے باؤلر کے لیے بہترین آغاز تو نہیں ہوسکتا، کیونکہ انہیں اپنا پہلا اوور مکمل کرنے کے لیے خاصا انتظار کرنا پڑا لیکن یہ بارش 19 سالہ تسکین کےلیے خوشیوں کا پیغام تھی۔ اپنے دوسرے اوور کی پہلی گیند کو باؤنڈری لائن عبور کرتا دیکھنے کے بعد اسی اوور میں انہوں نے ان فارم بھارتی بلے باز روبن اوتھپا کو آؤٹ کرکے اپنی پہلی ون ڈے وکٹ حاصل کرلی۔ اگلےاوور میں انہوں نے امباتی رایوڈو کو اندر آتی ہوئی گیند پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ تسکین کے چوتھے اوور میں سریش رائنا نے ایک چوکا رسید کیا مگر اپنے پانچویں اوور میں تسکین احمد نے ایک خوبصورت ان سوئنگر پر پجارا کو وکٹوں کے سامنے گھیر کر تیسری وکٹ حاصل کرلی۔

چھ اوورز کا اسپیل کرنے کے بعد تسکین کو دوسرے اسپیل کے لیے لایا گیا تو انہوں نے اسٹورٹ بنی کو وکٹوں کے پیچھے کیچ کروا کر اپنے شکاروں کی تعداد چار کرلی اور یوں پہلے ہی ون ڈے میں چار وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے بنگلہ دیشی باؤلر بن گئے۔ ان سے قبل سہاگ غازی اور روبیل حسین یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ لیکن تسکین اس سے بھی آگے جانے کے لیے پرعزم تھے اور اپنے آٹھویں اوور میں انہوں نے امیت مشرا کو ایل بی ڈبلیو کرکے اپنا نام ان سات باؤلرز کے ساتھ لکھوا لیا جنہوں نے پہلے ون ڈے میں پانچ یا زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔

عمدہ رفتار کیساتھ گیندکو دونوں جانب سوئنگ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے تسکین احمد کی اس کارکردگی نے بنگلہ دیشی کرکٹ کو ضرور تسکین پہنچائی ہوگی جو طویل عرصے سے ایسے فاسٹ باؤلر کی تلاش میں تھی جو فتح گر کارکردگی اور صلاحیتوں کا حامل ہو اور ممکن ہے کہ تسکین احمد کی اس کارکردگی نے یہ تلاش ختم کردی ہو۔