صرف سعید اجمل ہی 'دوسرا' کرواتا ہے: مرلی دھرن

2 1,072

سابق سری لنکن اسپنر مرلی دھرن نے سعید اجمل کو دور حاضر کا سب سے منفرد اسپنر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت 'دوسرا' گیند صرف سعید اجمل ہی کرواتا ہے اور دوسرے باؤلر سعید جیسی گیندیں نہیں پھینک سکتے۔

کوئی اور گیند باز 'دوسرا' سعید اجمل جیسے مہارت سے نہیں کرواتا: مرلی دھرن (تصویر: AFP)
کوئی اور گیند باز 'دوسرا' سعید اجمل جیسے مہارت سے نہیں کرواتا: مرلی دھرن (تصویر: AFP)

مرلی دھرن نے حال ہی میں آسٹریلیا کے اسپن باؤلنگ کوچ کی ذمہ داری سنبھالی ہے اور وہ کینگروز کو پاکستان کے خلاف آئندہ سیریز میں سعید اجمل اینڈ کمپنی سے نمٹنے کی تدابیر بتائیں گے۔

کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ماضی کے عظیم اسپنر نے کہا کہ صرف سعید اجمل وہ گیند باز ہے جو "دوسرا" کا ماہر ہے جبکہ دیگر کئی اسپنرز مثلاً بھارتی کے روی چندر آشون اور سری لنکا کے سچیتھرا سینانائيکے جو گیندیں کرواتے ہیں، وہ دراصل کیرم بال ہیں، "دوسرا" ان سے بالکل مختلف ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں 800 سے زائد وکٹیں رکھنے والے واحد گیند باز مرلی دھرن کہتے ہیں کہ انہیں سعید اجمل کی چند گیندوں میں اپنی باؤلنگ کی جھلک نظر آتی ہے جس کی مدد سے انہوں نے آسٹریلوی اسپنر شین وارن کا سب سے وکٹیں لینے کا ریکارڈ توڑا تھا۔

یاد رہے کہ سابق پاکستانی اسپنر ثقلین مشتاق 'دوسرا' گیند کے خالق تصور کیے جاتے ہیں جبکہ سعید اجمل کو اس وقت دنیا کا بہترین باؤلر قرار دیا جاتا ہے۔

آسٹریلیا کی قومی ٹیم ماہ اگست میں جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف مختصر سہ-ملکی سیریز کے بعد متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے مدمقابل ہو گی۔ ماہ اکتوبر کے اوائل میں طے شدہ اس دورے میں دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے مقابلوں کے علاوہ ایک ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلا جائے گا۔

متحدہ عرب امارات میں آخری بار پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ستمبر 2012ء میں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی گئی تھی، اور اس وقت بھی دونوں سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں سعید اجمل نے حاصل کی تھیں۔