[ریکارڈز] سنگاکارا کی مسلسل 7 نصف سنچریاں، عالمی ریکارڈ برابر

6 1,024

سری لنکا کے کمار سنگاکارا کو اگر موجودہ عہد کا سب سے بڑا بیٹسمین قرار دیا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ اگر گزشتہ ایک ڈیڑھ دہائی میں سری لنکا نے فتوحات حاصل کی ہیں تو اس میں کمار کا حصہ بہت کلیدی رہا ہے۔ اب وہ ایک اور سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔ انگلستان کے خلاف ہیڈنگلے میں جاری دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 55رنز بنا کر وہ مسلسل 7 اننگز میں 50 یا اس سے زیادہ رنز بنانے والے تاریخ کے محض چوتھے بیٹسمین بن گئے ہیں۔

سنگاکارا تاریخ کے محض چوتھے بیٹسمین ہیں جنہیں مسلسل سات اننگز میں 50 یا زیادہ رنز بنانے کا شرف حاصل ہوا ہے (تصویر: Getty Images)
سنگاکارا تاریخ کے محض چوتھے بیٹسمین ہیں جنہیں مسلسل سات اننگز میں 50 یا زیادہ رنز بنانے کا شرف حاصل ہوا ہے (تصویر: Getty Images)

اس تسلسل کے ساتھ کارکردگی دکھانا کمار سنگاکاراکی صلاحیتوں کا ثبوت ہے جو گزشتہ چھ ٹیسٹ اننگز میں بالترتیب 75، 319، 105، 147، 61 اور 79 رنز بناچکے تھے اور لیڈز میں بھی انگلستان کے خلاف نصف سنچری بناکر عالمی ریکارڈ برابر کیا۔
ان سے قبل صرف ویسٹ انڈیز کے ایورٹن ویکس، زمبابوے کے اینڈی فلاور اور ویسٹ انڈیز کے شیونرائن چندرپال کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے مسلسل سات اننگز میں 50 یا اس سے زیادہ رنز بنائے۔

ایورٹن ویکس کا کمال یہ ہے کہ انہوں نے مسلسل پانچ مقابلوں میں تہرا ہندسہ عبور کیا۔ 1948ء ان کے لیے ایک یادگار سال تھا۔ پہلے انہوں نے مارچ کے مہینے میں کنگسٹن ، جمیکا میں انگلینڈ کے خلاف 141 رنز کی اننگز کھیلی اور پھر بھارت کے خلاف تین ٹیسٹ مقابلوں میں کھیلی گئی چاروں اننگز میں سنچری اسکور کرکے ایسا عالمی ریکارڈ قائم کیا جو آج 66 سال بعد بھی جوں کا توں قائم ہے۔

بہرحال، بات کرتے ہیں کمار سنگاکارا کی جنہوں نے جاری دورۂ انگلستان میں لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 147 اور 61 رنز کی باریاں کھیلیں۔ یہ لارڈز میں سنگاکارا کے کیریئر کی پہلی سنچری تھی ۔ ہیڈنگلے میں جاری دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں وہ 79 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ دوسری باری میں 103 گیندوں پر 55 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ یہ کیونکہ سیریز کا آخری ٹیسٹ ہے اس لیے کمار کو عالمی ریکارڈ توڑنے کے لیے اگلے ماہ تک انتظار کرنا پڑے گا جب گال کے میدان میں اس کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔

مسلسل 7 اننگز میں 50 یا زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین

بلے باز ملک اننگز 1 اننگز 2 اننگز 3 اننگز 4 اننگز 5 اننگز 6 اننگز 7
ایورٹن ویکس ویسٹ انڈیز 141 128 194 162 101 90 56
اینڈی فلاور زمبابوے 65 183* 70 55 232* 79 73
شیونرائن چندرپال ویسٹ انڈیز 69 74 50 116* 136* 70 104
کمار سنگاکارا سری لنکا 75 319 105 147 61 79 55