پاکستان ٹیسٹ عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر آ گیا

3 1,056

سری لنکا کی انگلستان کے خلاف یادگار ٹیسٹ فتح پاکستان کے لیے بھی مسرت کا پیغام لائی ہے جو عرصہ دراز کے بعد ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

سری لنکا نے بھی درجہ بندی میں ترقی پائی ہے اور ساتویں سے چھٹے نمبر پر آ گیا ہے (تصویر: PA Photos)
سری لنکا نے بھی درجہ بندی میں ترقی پائی ہے اور ساتویں سے چھٹے نمبر پر آ گیا ہے (تصویر: PA Photos)

ہیڈنگلے، لیڈز میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے و آخری ٹیسٹ میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلستان کو 100 رنز سے شکست دی۔ مقابلہ آخری دن کے آخری اوور تک گیا جہاں انگلستان کو مقابلہ بچانے کے لیے اپنی آخری وکٹ بچانی تھی لیکن اس اوور کی پانچویں گیند پر جیمز اینڈرسن آؤٹ ہوگئے۔ یوں سری لنکا نے نہ صرف انگلستان کے خلاف اسی کے میدانوں پر پہلی فتح حاصل کی بلکہ انگلینڈ کو عالمی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن سے بھی محروم کردیا۔

اس یادگار جیت کے بدلے میں سری لنکا کو درجہ بندی میں ترقی ملی ہے اور وہ نیوزی لینڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چھٹے نمبر پر آ گیا ہے۔ انگلستان کی دو درجے تنزلی کی وجہ سے پاکستان اور بھارت ایک، ایک درجہ پھلانگ کر بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے میں گامیاب ہوگئے تھے۔

ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں اس وقت آسٹریلیا 123 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ جنوبی افریقہ اعشاریہ کے معمولی فرق سے دوسرے نمبر ہے۔ پاکستان 103 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ بھارت محض ایک پوائنٹ کے فرق سے چوتھی پوزیشن پر ہے۔ انگلستان سری لنکا کے خلاف شکست کی وجہ سے 4 قیمتی پوائنٹس سے محروم ہوا اور اب 100 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

تیسری سے لے کر پانچویں پوزیشن تک بہت تیزی سے تبدیلیوں کا امکان ہے کیونکہ انگلستان، بھارت اور پاکستان نے آئندہ دنوں میں کافی کرکٹ کھیلنی ہے۔ انگلستان کچھ دنوں بعد بھارت کی میزبانی کرے گا جبکہ پاکستان اگست کے اوائل سے سری لنکا کا دورہ کرے گا، جو اس دوران جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کھیلنے جارہا ہے۔ اس مصروف سیزن کا اختتام اگلے سال ورلڈ کپ پر ہوگا۔

ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی

شمار ملک مقابلے پوائنٹس ریٹنگ
1 آسٹریلیا آسٹریلیا 32 3950 123
2 جنوبی افریقہ جنوبی افریقہ 23 2831 123
3 پاکستان پاکستان 20 2064 103
4 بھارت بھارت 23 2343 102
5 انگلستان انگلستان 33 3301 100
6 سری لنکا سری لنکا 25 2398 96
7 نیوزی لینڈ نیوزی لینڈ 26 2383 92
8 ویسٹ انڈیز ویسٹ انڈیز 19 1442 76
9 زمبابوے زمبابوے 8 322 40
10 بنگلہ دیش بنگلہ دیش 14 287 21