رواں سال چیمپئنز لیگ ٹی 20 بھارت میں کھیلی جائے گی

0 1,060

بھارتی کرکٹ بورڈ نے اعلان کردیا ہے کہ رواں سال چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی بھارت میں کھیلا جائے گا۔ اس اعلان کے ساتھ ہی سی ایل ٹی20 کے چھٹے ایڈیشن کے متحدہ عرب امارات میں انعقاد کے حوالے سے توقعات دم توڑ گئی ہیں۔

گزشتہ سال چیمپئنز لیگ بھارت میں ہی کھیلی گئی تھی اور ممبئی انڈینز نے اعزاز جیتا تھا (تصویر: BCCI)
گزشتہ سال چیمپئنز لیگ بھارت میں ہی کھیلی گئی تھی اور ممبئی انڈینز نے اعزاز جیتا تھا (تصویر: BCCI)

بھارت نے رواں سال قومی انتخابات کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ کا ابتدائی مرحلہ متحدہ عرب امارات میں منعقد کیا تھا۔ اس کی زبردست کامیابی کے بعد توقعات تھیں کہ سی ایل ٹی20 بھی امارات کے انہی میدانوں میں کھیلی جائے لیکن بی سی سی آئی کے سیکرٹری سنجے پٹیل نے آج ممبئی میں بتایا کہ گورننگ کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس سال ایونٹ بھارت میں کھیلا جائے گا۔

بھارت، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈز پر مشتمل گورننگ کونسل کا یہ اجلاس گزشتہ ہفتے آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کے دوران ملبورن میں منعقد ہوا۔ سنجے کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کی تاریخوں اور مقامات کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

البتہ اندازہ لگایا جارہا ہے کہ ٹورنامنٹ ستمبر کے مہینے میں منعقد ہوگا جب بھارت میں بارش کا موسم ہوتا ہے۔ غالباً مون سون کی بارشوں اور متحدہ عرب امارات میں ہونے والے آئی پی ایل مقابلوں کا شاندار انعقاد ہی تینوں بورڈز کو یہ سوچنے پر مجبور کررہا تھا کہ وہ سی ایل ٹی20 دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں منعقد کریں لیکن بالآخر فیصلہ بھارت کے حق میں ہوا ہے۔

دنیا کے مختلف ممالک کی چیمپئن ٹیموں کے درمیان ہونے والا یہ ٹورنامنٹ ہر سال کھیلا جاتا ہے۔ اب تک ہونے والے پانچ میں سے تین ایڈیشنز بھارت میں جبکہ دو جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے ہیں۔