سابق پاکستانی بلے باز محمد وسیم نیدرلینڈز کی ٹیم میں شامل

1 1,049

پاکستان کے سابق بلے باز محمد وسیم اب نیدرلینڈز کی نمائندگی کے اہل ہوگئے ہیں اور آج اسکاٹ لینڈ کے خلاف ایک مقابلے میں انہوں نے نیدرلینڈز کی نمائندگی بھی کی۔ گو کہ نیدرلینڈز کے ون ڈے اسٹیٹس سے محروم ہوجانے کے باعث یہ میچ ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ نہیں تھا، لیکن جیسے ہی انہیں یہ موقع ملا وہ پاکستان کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے جنہیں دو مختلف ملکوں کی طرف سے ون ڈے کھیلنے کا موقع ملا۔

نیدرلینڈز کی طرف سے پہلے میچ میں محمد وسیم ایل بی ڈبلیو قرار پائے (تصویر: کرکٹ یورپ)
نیدرلینڈز کی طرف سے پہلے میچ میں محمد وسیم ایل بی ڈبلیو قرار پائے (تصویر: کرکٹ یورپ)

سن 1996ء میں پاکستان کی جانب سے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کرنے والے محمد وسیم کافی عرصہ نیدرلینڈز میں مقیم رہے ہیں اور اب وہاں کی شہریت مل جانے کے بعد ڈچ ٹیم کی نمائندگی بھی کرسکتے ہیں۔ وہ 2011ء تک پاکستان میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتے رہے ہیں اور ماضی قریب میں محمد وسیم پاکستان کے سرکاری ٹیلی وژن چینل پر تبصرہ کار بھی رہے ہیں۔

راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے محمد وسیم نے 1996ء میں پاکستان کی طرف سے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے کے باوجود دوسری اننگز میں ناقابل شکست 109 رنز بنائے لیکن دیگر بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے باعث پاکستان یہ میچ 44 رنز سے ہار گیا تھا۔

محمد وسیم پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری اسکور کرنے والے محض چوتھے کھلاڑی تھے۔ ان سے قبل خالد عبداللہ، جاوید میانداد اور سلیم ملک یہ کارنامہ انجام دے چکے تھے۔ بعد میں مزید پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے اولین ٹیسٹ میں سنچریاں اسکور کیں جن میں علی نقوی، اظہر محمود، یونس خان، توفیق عمر، یاسر حمید، عمر اکمل اور فواد عالم شامل ہیں۔

پاکستان کی جانب سے کھیلتے ہوئے محمد وسیم نے 18 ٹیسٹ مقابلوں میں دو سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 783 بنائے۔ انہوں نے 25 ایک روزہ مقابلوں میں بھی گرین شرٹس کی نمائندگی کی اور 23.60 کی اوسط سے 543 رنز بنائے جس میں دو آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف ایک، ایک نصف سنچری شامل تھی۔

جزوقتی وکٹ کیپنگ کی خدمات انجام دینے والے محمد وسیم نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ جون 2000ء میں سری لنکا کے خلاف کھیلا۔ کارکردگی میں عدم تسلسل کے باعث انہیں ٹیم سے باہر کردیا گیا اور اب 14 برس بعد محمد وسیم دوسرے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی آ رہے ہیں۔

محمد وسیم نیدرلینڈز کی علاقائی ٹیموں کی نمائندگی بھی کرتے رہے ہیں۔ انہیں نیدرلینڈز کے قائد پیٹر بورن کے زخمی ہوجانے کے بعد اسکاٹ لینڈ کے خلاف جاری ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

36 سالہ محمد وسیم نے آج کھیلے گئے مقابلے میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 6 رنز بنائے اور ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ بارش سے متاثرہ یہ مقابلہ اسکاٹ لینڈ نے ڈک-ورتھ لوئس طریقے کی مدد سے 144 رنز سے جیتا۔