انوکھا واقعہ، میچ کے دوران باؤنڈری سے سٹے باز گرفتار

1 1,038

پاکستان کرکٹ میں انوکھے واقعات کی کوئی کمی نہیں لیکن رمضان کی ان مبارک ساعتوں میں گزشتہ روز کراچی میں جو کچھ پیش آیا، وہ اپنی مثال آپ ہے۔ کراچی کے آغا خان جیم خانہ میں جاری رمضان ٹرافی میں ایک مقابلے کے دوران پولیس نے چھاپہ مار کر باؤنڈری لائن پر بیٹھ کر سٹہ کھیلنے والے 10 افراد کو گرفتار کرلیا۔

illegal-betting

مذکورہ مقابلہ عمر ایسوسی ایٹس اور ٹپال کے درمیان کھیلا جارہا تھا جس میں عمر ایسوسی ایٹس کی ٹیم فیلڈنگ کررہی تھی۔ اس دوران میدان میں ذوالفقار بابر، انور علی، خرم منظور، فواد عالم اور سرفراز احمد جیسے بین الاقوامی کھلاڑی بھی موجود تھے کہ اچانک پولیس نے میدان پر دھاوا بول دیا۔

سولجر بازار پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے 10 افراد ہر گیند پر سٹہ کھیل رہے تھے۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے مذکورہ افراد کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ پولیس کو انہوں نے ہی طلب کیا تھا لیکن حقیقت یہ ہے کہ مقدمے میں انتظامیہ مدعی نہیں بنی۔ جس سے ظاہر ہورہا ہے کہ معاملہ اتنا سیدھا نہیں ہے۔