بنگلہ دیشی بورڈ ڈٹ گیا، شکیب پر 6 مہینے کی پابندی عائد

3 1,021

شکیب الحسن کے معاملے پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ڈٹ جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں چھ مہینے کے لیے معطل کردیا ہے۔ یعنی وہ سال 2014ء میں اب کسی بھی سطح پر کرکٹ نہیں کھیل پائیں گے۔

شکیب کو دیکھ کر دیگر کھلاڑی بھی رنگ پکڑ رہے تھے، یہ فیصلہ نہ کرتے تو بنگلہ دیشی کرکٹ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا: بنگلہ دیشی بورڈ (تصویر: AFP)
شکیب کو دیکھ کر دیگر کھلاڑی بھی رنگ پکڑ رہے تھے، یہ فیصلہ نہ کرتے تو بنگلہ دیشی کرکٹ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا: بنگلہ دیشی بورڈ (تصویر: AFP)

معاملے کی سماعت کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ڈھاکہ میں منعقد ہوا جس میں شکیب نے تسلیم کیا کہ انہوں نے نئے ہیڈ کوچ چندیکا ہتھوراسنگھے کے ساتھ بدتمیزی کی ۔ اس کے علاوہ حالیہ بھارت-بنگلہ دیش سیریز میں میرپور میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں ڈریسنگ روم سے نکلنے کے بعد تماشائی کے ساتھ الجھنے والے معاملے پر بھی آل راؤنڈر کی سخت سرزنش کی گئی اور پھر بورڈ اراکین نے بالاتفاق رائے انہیں چھ ماہ کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔

شکیب اس دوران کسی غیر ملکی لیگ، حتیٰ کہ ڈومیسٹک سرکٹ میں بھی نہیں کھیل پائیں گے کیونکہ بورڈ نے ان کے تمام اجازت نامے (این او سیز) منسوخ کردیے ہیں۔ یوں شکیب رواں سال طے شدہ ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے دوروں سے باہر ہوگئے ہیں اور کیونکہ اس دوران وہ مقامی سطح پر بھی نہیں کھیل سکیں گے اس لیے ورلڈ کپ 2015ء کی تیاری کے لیے ان کے پاس صرف ایک مہینہ ہوگا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شکیب کا رویہ بدترین تھا اور اس کے اثرات پوری ٹیم میں نظر آ رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں سخت سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا اور ہمارے خیال میں وہ اسی سزا کے مستحق تھے۔ صدر کا کہنا تھا کہ شکیب کو دیکھ کر دیگر کھلاڑی بھی رنگ پکڑ رہے ہیں، اور اگر فی الفور اس کی بیخ کنی نہ کی جاتی تو بنگلہ دیش کرکٹ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا تھا۔

نظم الحسن نے کہا کہ بورڈ نے شکیب پر واضح کردیا ہے کہ اگر انہوں نے دوبارہ کبھی ایسی حرکت کی تو ان پر تاحیات پابندی لگا دی جائے گی۔

شکیب الحسن رواں ماہ کے اوائل میں اجازت نامہ حاصل کیے بغیر کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کھیلنے کے لیے ویسٹ انڈیز روانہ ہوگئے تھے اور جب کوچ نے ان سے رابطہ کیا تو نہ صرف انہوں نے بدتمیزی کی، بلکہ دھمکی بھی دی کہ وہ ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ چھوڑ دیں گے۔ معاملہ بورڈ کے پاس پہنچ جانے کے بعد انہیں فوری طور پر بنگلہ دیش طلب کیا گیا۔ شکیب گزشتہ روز واپس ڈھاکہ پہنچے اور کوچ سے اپنے رویے پر معافی مانگی البتہ کہنا تھا کہ انہوں نے ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ چھوڑنے کی دھمکی نہیں دی۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے دنیا کے بہترین آل راؤنڈرز میں شمار ہونے والے شکیب کو سخت سزا دے کر ایک زبردست مثال قائم کی ہے جو نہ صرف دیگر کھلاڑیوں بلکہ خود شکیب کے لیے بھی بہتر ہے کیونکہ اس عرصے میں انہیں اپنے رویے پر نظرثانی کا موقع ملے گا۔