دورۂ سری لنکا، حفیظ ٹیسٹ سے باہر عمر اکمل شامل، یونس کی ایک روزہ دستے میں واپسی

6 1,028

پاکستان نے دورۂ سری لنکا کے لیے ٹیسٹ اور ون ڈے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں عمر اکمل کی عرصہ دراز کے بعد قومی ٹیسٹ دستے میں واپسی کی خوش آئند خبرکے ساتھ ساتھ محمد حفیظ کو شامل نہ کرنے کا حیران کن فیصلہ بھی شامل ہے۔ اعلان کے ساتھ اس امر کی تصدیق بھی ہوگئی ہے کہ عمر گل واقعی ایک مرتبہ پھر زخمی ہوچکے ہیں جو ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں دستوں میں شامل نہیں۔

یونس خان تقریباً ڈیڑھ سال  بعد ون ڈے ٹیم میں واپس آئے ہیں (تصویر: AFP)
یونس خان تقریباً ڈیڑھ سال بعد ون ڈے ٹیم میں واپس آئے ہیں (تصویر: AFP)

پاکستان اگلے ماہ دو ٹیسٹ اور تین ایک روزہ مقابلے کھیلنے کے لیے سری لنکا روانہ ہوگا جس کے لیے آج چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے 15 رکنی ٹیموں کی منظوری دی۔ ان ٹیموں کا انتخاب معین خان کی زیر قیادت قومی سلیکشن کمیٹی نے کیا۔

بیٹنگ میں تو پاکستان کی کمزوری کسی سے ڈھکی چھپی نہیں لیکن اس مرتبہ واضح طور پر محسوس ہو رہا ہے کہ باؤلنگ میں دم خم نہیں ہے۔ ٹیسٹ دستے میں تیز باؤلنگ میں جنید خان کا ساتھ دینے کے لیے راحت علی، وہاب ریاض اور محمد طلحہ جیسے ناتجربہ کار ہوں گے جبکہ سعید اجمل کو صرف عبد الرحمٰن کی مدد حاصل ہوگی۔ چند روز قبل لارڈز کے دو سو سالہ جشن کا یادگاری میچ کھیلنے والے عمر گل کے بارے میں چند دنوں سے یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ ان کے گھٹنے کی انجری ایک مرتبہ پھر عود کر آئی ہے اور آج ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں ٹیموں میں ان کی عدم شمولیت سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ اس خبر میں صداقت ہے۔ دوسری جانب محمد عرفان کے فٹ ہونے کے تمام دعوے پر اعلان کے ساتھ ہوا ہوگئے ہیں کیونکہ وہ بھی دونوں اسکواڈز میں شامل نہیں۔ یعنی سری لنکا کے طویل اننگز کھیلنے والے بلے بازوں کے سامنے پاکستانی باؤلنگ خاصی دباؤ کا شکار ہوگی۔

پاکستان کا حیران کن فیصلہ محمد حفیظ کا ٹیسٹ اسکواڈ سے اخراج ہے ، گو کہ وہ طویل عرصے سے بری فارم کا شکار ہیں اور 2012ء میں گزشتہ دورۂ سری لنکا میں 196 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد وہ دو سالوں میں ایک مرتبہ بھی 50 کا ہندسہ تک عبور نہیں کرپائے لیکن اس اہم دورے پر پاکستان کو تجربے کی ضرورت تھی۔ البتہ ان کا اخراج عمر اکمل کے لیے خوش آئند خبر لے کر آیا ہے جو 2011ء کے بعد پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں واپس آئے ہیں۔

ٹیسٹ میں وکٹ کیپنگ کے فرائض بدستور سرفراز احمد انجام دیں گے، جنہوں نے رواں سال کے اوائل میں سری لنکا ہی کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کیپنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی تھی۔

دوسری جانب ایک روزہ ٹیم میں محمد حفیظ کے ساتھ ساتھ شرجیل خان، فواد عالم، صہیب مقصود، شاہد آفریدی اور ذوالفقار بابر بھی شامل ہیں۔ وکٹوں کے پیچھے بدستور عمر اکمل فرائض سرانجام دیں گے جبکہ محمد طلحہ اور وہاب ریاض کے ساتھ ساتھ آل راؤنڈر انور علی بھی جنید خان کا ساتھ دیں گے۔ لیکن ون ڈے ٹیم میں سب سے اہم شمولیت یونس خان کی ہے۔ تجربہ کار بیٹسمین کو تقریباً ڈیڑھ سال سے صرف ٹیسٹ کھلاڑي کی حیثیت سے استعمال کیا جارہا تھا اور مارچ 2013ء میں دورۂ جنوبی افریقہ کے بعد سے وہ کسی بھی ون ڈے میں شامل نہیں کیے گئے تھے۔ اب یونس کے پاس گویا آخری موقع ہے کہ وہ سری لنکا میں اچھی کارکردگی دکھاکر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بھی اپنی شرکت یقینی بنائیں اور یوں خود کو اگلے سال ورلڈ کپ کے لیے اہم امیدوار بنائیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 6 اگست کو گال میں شروع ہوگا جبکہ ون ڈے سیریز کا آغاز 23 اگست کو ہمبنٹوٹا سے ہوگا۔

اعلان کردہ ٹیسٹ دستہ:

احمد شہزاد، خرم منظور، شان مسعود، اظہر علی، یونس خان، مصباح الحق، اسد شفیق، عمر اکمل، سرفراز احمد، سعید اجمل ، عبد الرحمٰن، محمد طلحہ، جنید خان، راحت علی، وہاب ریاض،

اعلان کردہ ایک روزہ دستہ:

احمد شہزاد، شرجیل خان، محمد حفیظ، مصباح الحق، یونس خان، عمر اکمل، فواد عالم، صہیب مقصود، شاہد آفریدی، انور علی، سعید اجمل، جنید خان، محمد طلحہ، وہاب ریاض اور ذوالفقار بابر۔