نجم سیٹھی بطور چیئرمین بحال، پی سی بی گورننگ باڈی کا نوٹیفکیشن معطل

1 1,143

پاکستان کی عدالت عالیہ (سپریم کورٹ) نے گزشتہ روز وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کو معطل کرتے ہوئے نجم سیٹھی چیئرمین کو پی سی بی چیئرمین کے عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت دے دی ہے۔

نجم سیٹھی najam sethi
وزیر اعظم پاکستان کی خواہش پر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا حصہ ہوں: نجم سیٹھی

آج اسلام آباد میں ہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے حکومت پاکستان کی جانب سے کل (جمعرات کو) کیے گئے تمام فیصلوں کو مسترد کرتے ہوئے نئے آئین کے تحت جاری ہونے والے نوٹفکیشن کو غیر قانونی قرار دیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اٹارنی جنرل سلمان اسلم کی جانب سے پیش کردہ نوٹیفکیشن میں جسٹس ریٹائرڈ جمشید علی شاہ کو آئندہ 30 روز کے لیے قائم مقام چیئرمین کے منصب پر فائز کیا گیا تھا اور اسی عرصے میں پی سی بی میں انتخابات کروانے کے لیے بحیثیت الیکشن کمشنر ذمہ داری بھی سونپی گئی تھی۔

جسٹس انور ظہیر جمالی اور جسٹس ثاقب نثار پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پی سی بی کے پیٹرن ان چیف اور وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی جانب سے اٹھائے گئے تازہ اقدامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور اٹارنی جنرل سے پوچھا کہ کیا وزیراعظم کو اختیار حاصل ہے کہ وہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس میں اپنی من مانی کریں؟

گو کہ گزشتہ روز پیش کردہ پی سی بی کے نئے آئین اور نوٹیفکیشن میں نجم سیٹھی کو سربراہی سے ہٹایا گیا تھا تاہم وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے انہیں پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے لیے نامزد بھی گیا تھا۔ اس کی تصدیق نجم سیٹھی نے کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کے کہنے پر انہوں نے یہ نامزدگی قبول کی ورنہ انہیں پی سی بی کی سربراہی میں کوئی دلچسپی نہیں۔

دوران سماعت جسٹس انور ظہیر جمالی نے مشورہ دیا کہ کیوں کہ نجم سیٹھی کے ساتھ ساتھ ذکا اشرف کو بھی گورننگ باڈی میں شامل کرلیا جائے تاکہ دونوں انتخابات لڑسکیں اور اکثریت حاصل کر کے چیئرمین پی سی بی بن جائیں تو اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ پی سی بی کا آئین اس چیز کی اجازت نہیں دیتا۔

گزشتہ سات ماہ سے پی سی بی کی سربراہی کے لیے ذکا اشرف اور نجم سیٹھی کے درمیان رسہ کشی کے بعد تیسرے شخص یعنی جمشید علی شاہ کی آمد سے محسوس ہوتا تھا کہ حکومت اب اس مسئلہ کا قانونی حل نکالنا چاہ رہی ہے، چاہے اس کے پس پردہ مقاصد اپنے من پسند فرد کو لانے کے لیے ہوں، لیکن اس کے لیے وہ قانونی راستےاختیار کرنا چاہ رہی ہے۔ لیکن آج ہونے والی عدالتی پیش رفت کے بعد ایسا ممکن ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔

مقدمے کی اگلی سماعت آئندہ پیر 21 جولائی کو ہوگی اور تب تک نجم سیٹھی اور ان کی پانچ رکنی ٹیم ہی بورڈ میں اپنا کام جاری رکھے گی۔