[درجہ بندی] جنوبی افریقہ کی نمبر ایک بننےکی جانب پیشقدمی جاری

2 1,029

سری لنکا –جنوبی افریقہ ایک روزہ سیریز کے اختتام کے ساتھ ہی بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ون ڈے کی نئی درجہ بندی کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق جنوبی افریقہ کی تاریخی جیت نے نہ صرف نمبر ایک ٹیم بننے کی جانب اس کی پیشقدمی کا آغاز کردیا ہے بلکہ انفرادی سطح پر اس کے کھلاڑیوں کو بھی آگے بڑھنے کا بھرپور موقع فراہم کیا ہے۔

سری لنکا میں تاریخ کی پہلی ون ڈے سیریز جیت جنوبی افریقہ کے لیے خوشیوں کا پیغام لائی ہے (تصویر: AFP)
سری لنکا میں تاریخ کی پہلی ون ڈے سیریز جیت جنوبی افریقہ کے لیے خوشیوں کا پیغام لائی ہے (تصویر: AFP)

ہمبنٹوٹا میں ہونے والے آخری ون ڈے میں 82 رنز کی فتح نے جنوبی افریقہ کو درجہ بندی میں دو انتہائی قیمتی پوائنٹس سے نوازا ہے جس کے نتیجے میں وہ تیسرے نمبر پر موجود سری لنکاکے برابر آ گیا ہے لیکن محض اعشاریہ کے فرق سے چوتھے نمبر پر ہے۔ لیکن درجے سے دھوکہ نہ کھائیں، اس وقت عالمی درجہ بندی میں سرفہرست پانچ پوزیشنوں پر ٹیموں کے درمیان زبردست کشمکش جاری ہے۔ آسٹریلیا 115 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر تو موجود ہے لیکن اسے دوسری پوزیشن پر براجمان بھارت پر صرف تین پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ سری لنکا اور جنوبی افریقہ صرف ایک پوائنٹ کے فرق سے تیسری و چوتھی پوزیشن پر ہیں۔ یعنی جنوبی افریقہ کو دوسری پوزیشن تک پہنچنے کے لیے صرف دو پوائنٹس کی اور نمبر ون ٹیم بننے کے لیے محض 5 پوائنٹس کی ضرورت ہے اور آئندہ مصروف سیزن کو دیکھتے ہوئے کچھ بعید نہیں کہ اگلے سال فروری میں ورلڈ کپ شروع ہونے سے پہلے جنوبی افریقہ عالمی نمبر ایک ون ڈے ٹیم ہو۔

عالمی درجہ بندی میں سرفہرست 8 ٹیموں میں سے دو کے درمیان فرق کی صرف ایک مثال موجود ہے جو پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجود انگلستان اور پاکستان کے درمیان ہے۔ انگلینڈ اس وقت 109 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے اور اسے پاکستان پر 9 پوائنٹس کی واضح برتری حاصل ہے۔

بہرحال، انفرادی سطح پر بھی یہ سیریز جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں کے لیے خوش آئند رہی۔ سب سے زیادہ رنز بنانے والے ہاشم آملہ کو بہترین کارکردگی پر دو درجے ترقی ملی ہے جس کی بدولت وہ چوتھے سے دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں اور اب ہم وطن ڈی ولیئرز سے صرف 17 پوائنٹس کے فاصلے پر ہیں۔ ڈی ولیئرز کو شاندار کارکردگی کی بدولت 13 پوائنٹس ملے جو انہیں کیریئر کے بہترین مقام 885 پوائنٹس تک لے گئے ہیں۔

نوجوان وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک ایک سنچری کی مدد سے سیریز میں 159 رنز بنانے کے بعد اب دنیا کے دس بہترین بلے بازوں میں شمار ہونے کے قریب ہیں۔ تازہ ترین درجہ بندی میں ان کا نمبر گیارہواں ہے۔

دوسری جانب سیریز میں جنوبی افریقہ کےلیے سب سے کامیاب باؤلر رہنے والے راین میک لارن سرفہرست 10 میں شامل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے دس درجے پھلانگ کر دسویں پوزیشن سنبھالی ہے۔

ایک روزہ کی انفرادی درجہ بندی میں بلے بازوں میں ڈی ولیئرز اور گیندبازوں میں پاکستان کے سعید اجمل سرفہرست ہیں۔ بیٹسمینوں میں ٹاپ 10 میں پاکستان کے واحد کھلاڑی کپتان مصباح الحق ہیں جبکہ باؤلرز میں محمد حفیظ سرفہرست دس کھلاڑیوں کی فہرست سے باہر ہوکر گیارہویں نمبر پر آ گئے ہیں۔