اینٹ کا جواب پتھر، جدیجا کے خلاف انگلستان کی شکایت

4 1,071

انگلستان اور بھارت کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ شروع ہونے والا ہے لیکن ٹرینٹ برج اور لارڈز میں ہونے والے ابتدائی دونوں مقابلوں کے درمیانی ایام بہت ہنگامہ خیز رہے ہیں۔ بھارت نے انگلستان کے اہم گیندباز جیمز اینڈرسن پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے رویندر جدیجا کے ساتھ بدکلامی کی اور انہیں دھکا تک دیا، لیکن اس الزام پر پہلے حیرت کا اظہار کرنے والا انگلش بورڈ بھی اب خاموش نہیں اور اس نے رویندر جدیجا کے خلاف باضابطہ شکایت درج کروائی ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ٹھہرے ہیں۔

اگر انگلستان کے لگائے گئے الزامات ثابت ہوگئے تو رویندر جدیجا (درمیان) کو زیادہ سے زیادہ 100 فیصد تک میچ فیس کا جرمانہ اور/یا ایک ٹیسٹ میچ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے (تصویر: Getty Images)
اگر انگلستان کے لگائے گئے الزامات ثابت ہوگئے تو رویندر جدیجا (درمیان) کو زیادہ سے زیادہ 100 فیصد تک میچ فیس کا جرمانہ اور/یا ایک ٹیسٹ میچ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے (تصویر: Getty Images)

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹرینٹ برج میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھانے کے وقفے کے بعد کھلاڑی میدان سے واپس جا رہے تھے۔ اس وقت بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی 81 اور رویندر جدیجا 24 رنز پر کھیل رہے تھے۔ وقفے سے پہلے آخری اوور پھینکنے کے دوران اینڈرسن اور جدیجا کے درمیان کچھ جملوں کا تبادلہ ہوا اور یہ سلسلہ بعد ازاں ڈریسنگ روم لوٹنے تک جاری رہا۔ لیکن بھارت کا کہنا ہے کہ جمی نے نہ صرف جدیجا کے ساتھ بدتمیزی کی بلکہ انہیں دھکا بھی دیا۔ بھارت نے واقعہ پیش آنے کے اگلے ہی دن 11 جولائی کو اس کی شکایت بین الاقوامی کرکٹ کونسل سے کردی تھی جس کے مطابق بھارت نے ضابطہ اخلاق کے لیول 3 کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا ہے۔ یہ 2008ء کے بعد پہلا موقع ہے کہ کسی کھلاڑی پر لیول 3 توڑنے کا الزام لگایا گیا ہو۔ آخری مرتبہ 2008ء میں بھارت کے بدنام زمانہ دورۂ آسٹریلیا میں ہربھجن سنگھ پر یہ الزام لگا تھا کہ انہوں نے حریف بیٹسمین اینڈریو سائمنڈز پر نسل پرستانہ جملے کسے ہیں۔

بہرحال،اینڈرسن-جدیجا تنازع میں اب تازہ ترین موڑ یہ آیا ہے کہ انگلستان کے ٹیم مینیجر فل نیل نے جدیجا کے خلاف شکایت درج کروائی ہے کہ انہوں نے لیول 2 کی خلاف ورزی کی ہے۔ اگر اینڈرسن پر الزام ثابت ہوجاتا ہے تو انہیں 2 سے 4 ٹیسٹ میچز کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ جدیجا پر الزام ثابت ہونے کی صورت میں ان پر 50 سے 100 فیصد میچ فیس کا جرمانہ یا/اور ایک ٹیسٹ یا دو ون ڈے میچز کی پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔ اب معاملہ آئی سی سی کے ہاتھ میں ہے جو مکمل تحقیقات کے بعد اس پر کوئی فیصلہ دے گا۔

اتنے بڑے ہنگامے کے بعد اب دونوں ممالک کے کپتان بھی زبانی جنگ میں کود چکے ہیں۔ انگلستان کے کپتان ایلسٹر کک کہتے ہیں کہ بھارت نے 'رائی کا پہاڑ' بنایا ہے اور وہ اگلے ٹیسٹ میچز میں اینڈرسن کو کھیلتے نہیں دیکھنا چاہتا، اس لیے ایسے حربے استعمال کررہا ہے۔

اینڈرسن نے ٹرینٹ برج ٹیسٹ میں نہ صرف باؤلنگ بلکہ بیٹنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی تھی اور دوسری اننگز میں ان کے کیریئر کے بہترین 81 رنز نے انگلستان کو مقابلے بچانے کی پوزیشن تک پہنچایا۔ اسی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں بعد ازاں مرد میدان کا اعزاز بھی دیا گیا۔

دوسری جانب بھارت کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کا کہنا ہے کہ آپ کو ہرگز یہ اجازت نہیں آپ کسی کو چھوئیں، اسے ہاتھ لگائیں۔ رویندر جدیجا کو دھکا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی بات یہ رہی کہ جدیجا نے ویسا ردعمل نہیں دکھایا، بلکہ وہ ٹھنڈے دماغ کے ساتھ موجود رہے اور اس کی شکایت ٹیم انتظامیہ کو کی۔

دونوں ٹیموں کے ایک دوسرے کے کھلاڑیوں پر الزامات کے بعد یہ بات تو ثابت ہوچکی ہے کہ اگر دونوں پر جرم ثابت بھی ہوگیا تو انگلستان زیادہ خسارے میں رہے گا کیونکہ بھارت کو جدیجا کو باہر بٹھاکر زیادہ نقصان نہیں اٹھائے گا لیکن جمی اینڈرسن پر دو سے چار میچز کی پابندی انگلستان کے سیریز میں امکانات کو خاصی ٹھیس پہنچائے گی۔