سری لنکا پریمیئر لیگ کا اعلان؛ آفریدی سمیت آٹھ پاکستانی کھلاڑی شامل

4 1,199

ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے سری لنکا نے بھی سری لنکا پریمیئر لیگ (SLPL) کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے جس میں پہلی مرتبہ میں ہی 35 سے زائد بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔ اس کرکٹ لیگ میں کل 7 ٹیمیں سری لنکا کے مختلف صوبوں کی نمائندگی کریں گی جن کی قیادت بین الاقوامی سطح پر قومی کرکٹ ٹیم میں کپتان رہنے والے 6 کھلاڑی انجام دیں گے۔

سری لنکا پریمئیر لیگ میں شاہد آفریدی ناگوناہیرا کی ٹیم کی قیادت کریں گے (تصویر: اے پی)

سری لنکن ٹیم سے تعلق رکھنے والے تلکارتنے دلشان (بسناہیرا)، کمار سنگاکارا (کندوراتہ)، مہیلا جے وردھنے (ویامبہ)، سنتھ جے سوریا (روہونا) اور چمندا واس (یووا) کے علاوہ پاکستانی ٹیم کے موجودہ کپتان شاید خان آفریدی (ناگوناہیرا) اور نیوزی لینڈ کے سابق کپتان ڈینیل ویٹوری (اتھرہ) قائدین کی فہرست میں شامل ہیں۔

15 جولائی سے شروع ہونے والی سری لنکا پریمیئر لیگ 18 روز تک جاری رہے گی جس میں 24 ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے جائیں گے۔ لیگ کے سیمی فائنلز اور فائنل مقابلے سری لنکا کے شہر کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔

لیگ کے طریقہ کار کے مطابق ایک ٹیم میں زیادہ سے زیادہ پانچ غیر ملکی کھلاڑی شامل ہوں گے جن میں سے 4 کو حتمی ٹیم (فائنل الیون) کے لیے منتخب کیا جاسکے گا جبکہ دیگر تمام کھلاڑیوں کا تعلق سری لنکا سے ہوگا۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ 70 مقامی کھلاڑیوں کو اس لیگ میں شرکت کا موقع فراہم کرے گا۔

پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے علاوہ دیگر 7 پاکستانی کھلاڑیوں سے بھی لیگ میں شمولیت کا معاہدہ کیا گیا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں بلے باز عمر اکمل، آل راؤنڈر عبدالرزاق، سابق کپتان شعیب ملک سمیت تیز گیند باز عمر گل، شعیب اختر، سہیل تنویر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔ علاوہ ازیں لیگ کے منتظمین نے نوجوان پاکستانی بلے بازوں اسد شفیق اور احمد شہزاد سے معاہدے میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے تاہم دونوں کھلاڑیوں نے لیگ میں شرکت کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی اجازت سے مشروط قرار دیا ہے۔

مزید برآں بھارت سے عرفان پٹھان اور یوسف پٹھان، ویسٹ انڈیز سے کرس گیل، ڈیوین براوو اور ڈیرن براوو کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ سے ہرشل گبز اور آسٹریلیا سے ڈیوڈ وارنر اور شان ٹیٹ بھی سری لنکا پریمیئر لیگ میں کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ سری لنکا کے جادوئی اسپنر مرلی دھرن کی شرکت کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

لیگ کے منتظمین سمرسیٹ انٹرٹیمنٹ وینچرز (ایس ای وی) ہیں۔ لیگ کے نشریاتی حقوق کی بابت کوئی بات اب تک سامنے نہیں آئی تاہم توقع ہے کہ کھیلوں کا معروف چینل ٹین اسپورٹس دنیا بھر لیگ دکھانے کے حقوق حاصل کرلے گا۔