افغانستان زمبابوے سے دوسرا ون ڈے بھی ہار گیا

0 1,016

پاکستانی نژاد سکندر رضا کی پہلی ون ڈے سنچری کی بدولت زمبابوے نے افغانستان کو دوسرے ون ڈے میں باآسانی شکست دے کر چار مقابلوں کی سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

17 سالہ عثمان غنی کی شاندار سنچری بھی افغانستان کو شکست سے نہ بچا سکی (تصویر: AFP)
17 سالہ عثمان غنی کی شاندار سنچری بھی افغانستان کو شکست سے نہ بچا سکی (تصویر: AFP)

افغانستان نے 17 سالہ اوپنر عثمان غنی کی شاندار سنچری 256 رنز کا مجموعہ اکٹھا کیا اور 7 وکٹیں ہی گنوائیں، جو ایک روزہ کرکٹ میں اس کی اچھی بیٹنگ کارکردگی کہی جاسکتی ہے، لیکن ان کی باؤلنگ زوداثر ثابت نہیں ہوئی۔ آزمائے کے ساتوں افغان باؤلر زمبابوے کی بیٹنگ لائن میں دراڑ ڈالنے میں ناکام رہے جس نے محض 2 وکٹوں کے نقصان پر 44 ویں اوور میں ہدف کو پورا کرلیا۔ بلکہ یہ کہا جائے تو بہتر ہوگا کہ سکندر رضا اور ہملٹن ماساکازا نے پہلی ہی وکٹ پر 224 رنز بنا کر مقابلہ جیت لیا تھا۔ بدقسمتی سے ماساکازا اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 93 رنز بنانے کے بعد شرف الدین اشرف کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

افغان اننگز 17 سالہ عثمان غنی کی یادگار سنچری سے عبارت رہی۔ گوکہ انہوں نے اننگز کی تقریباً آدھی گیندیں کھیلی لیکن 118 رنز کا غالب اسکور بھی انہی کے بلّے سے نکلا۔ رحمت شاہ کے ساتھ دوسری وکٹ پر ان کی 61 رنز کی شراکت داری نے افغانستان کو اچھی بنیاد فراہم کی اور پھر کپتان محمد نبی اور آخر میں گلبدین نائب کی کارآمد حصہ داری نے اسکور کو 7 وکٹوں پر 256 تک پہنچا دیا۔ عثمان غنی 143 گیندوں پر 118 رنز بنانے کے بعد 47 ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 12 چوکے شامل تھے۔

زمبابوے نے افغانوں کوزیر کرنے کے لیے 8 باؤلرز آزمائے لیکن صرف چار ہی کامیابیاں سمیٹ سکے۔ تناشی پنیانگرا، سکندر رضا اور ہملٹن ماساکازا نے دو، دو جبکہ شنگی ماساکازا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

زمبابوے کا جواب بہت شاندار تھا، ابتداء ہی سے سکندر رضا کی تیز رفتار بیٹنگ نے اننگز کو درست سمت پر گامزن کیے رکھا۔ خاص طور پر دولت زدران کے ایک ہی اوور میں بنائے گئے 21 رنز اس ریکارڈ ڈبل سنچری شراکت داری کی اہم جھلک تھے۔ مذکورہ اوور میں سکندر نے دولت کو دو چھکے اور ایک چوکا بھی لگایا تھا۔

32 ویں اوور میں رضا حسن کے دو چوکوں کی بدولت زمبابوے کا مجموعہ 200 کا ہندسہ عبور کرگیا جو تاریخ میں زمبابوین اوپنرز کی پہلی ڈبل سنچری شراکت داری تھی۔ رضا حسن 133 گیندوں پر 7 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 141 رنز بنانے کے بعد اس وقت آؤٹ ہوئے جب زمبابوے فتح سے صرف ایک گیند کے فاصلے پر تھا۔ قبل ازیں ہملٹن کی اننگز صرف 7 رنز کے فاصلے سے سنچری تک نہ پہنچ سکی۔ وہ 113 گیندوں پر 93 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بنے۔

سکندر رضا کو اس شاندار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیریز کا تیسرامقابلہ 22 جولائی کو بلاوایو کے اسی میدان پر کھیلا جائے گا جہاں افغانستان کو سیریز میں شکست سے بچنے کے لیے لازمی فتح درکار ہے۔