چندیمال ٹیسٹ دستے سے بھی باہر، 'اے' ٹیم میں تنزلی

2 1,017

کچھ عرصہ قبل دنیش چندیمال کو سری لنکا کرکٹ کا مستقبل سمجھا جا رہا تھا، یہاں تک کہ مستقبل کے کپتان کی حیثیت سے تیار کرنے کے لیے انہیں ٹی ٹوئنٹی میں قیادت تک سونپ دی گئی لیکن بدترین بیٹنگ فارم نے انہیں اب ٹیسٹ کرکٹ سے بھی باہر کردیا ہے۔

سری لنکا کرکٹ کا مستقبل سمجھے جانے والے چندیمال ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے اور اب ٹیسٹ  سے بھی باہر ہوگئے ہیں (تصویر: Getty Images)
سری لنکا کرکٹ کا مستقبل سمجھے جانے والے چندیمال ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے اور اب ٹیسٹ سے بھی باہر ہوگئے ہیں (تصویر: Getty Images)

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے سری لنکا نے چندیمال کو باہر کرکے ان کی جگہ نوجوان وکٹ یپر نیروشان ڈکویلا کو طلب کرلیا ہے، جو اس وقت سری لنکا 'اے' کے ساتھ انگلستان کے دورے پر ہیں جبکہ چندیمال کو انگلستان بھیجا جا رہا ہے۔

چندیمال رواں سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران بیٹنگ میں بری کارکردگی کی وجہ سے خود ہی دستبردار ہوگئے تھے اور بقیہ ٹورنامنٹ میں نائب کپتان لاستھ مالنگا نے قیادت کے فرائض انجام دیے اور سری لنکا کو پہلی بار عالمی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بنوایا۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف گزشتہ ون ڈے سیريز میں بھی چندیمال کو باہر بٹھایا گیا اور اب ٹیسٹ میں بھی ان کی جگہ نہیں بن رہی کیونکہ گال میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں وہ دونوں اننگز میں کل ملا کر صرف 7 رنز بنا سکے۔ تینوں ٹیموں سے باہر ہوجانے کے بعد اب وہ 'اے' ٹیم تک پہنچ گئے ہیں۔

دوسرے ٹیسٹ کے لیے بلائے گئے وکٹ کیپر ڈکویلا صرف 21 سال کے ہیں اور اس وقت اچھی فارم میں بھی ہیں۔ گو کہ اتنے اہم مقابلے میں ایک نوجوان وکٹ کیپر کو دستانے تھمانے کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہوگا کیونکہ ٹیم میں کوشال سلوا اور کمار سنگاکارا بھی موجود ہیں، جو باقاعدہ وکٹ کیپر ہیں لیکن اوپننگ کی ذمہ داریوں کی وجہ سے وہ دستانے نہیں تھامتے۔ اگر چندیمال کی جگہ کسی کو وکٹ کیپر ہی بنانا ہے تو 21 سالہ کھلاڑی کے بجائے زيادہ بہتر آپشن موجودہ اسکواڈ میں شامل کوئی کھلاڑی ہوگا۔

بہرحال، چندیمال کے اخراج سے یہ بات بھی ثابت ہوتی ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف آئندہ سیریز میں بھی شامل نہیں ہوں گے۔

اس وقت دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو ایک-صفر کی برتری حاصل ہے، جس نے گال میں پہلا ٹیسٹ جیت کر 14 سال کے طویل عرصے بعد سری لنکن سرزمین پر کوئی فتح حاصل کی اور اب سری لنکا کو سیریز بچانے کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ میزبان کے لیے ضروری ہے کہ وہ 25 جولائی سے کولمبو میں شروع ہونے والا دوسرا ٹیسٹ لازمی جیتے۔