ویسٹ انڈیز ایک بار پھر بھارت کا دورہ کرے گا

2 1,023

ماضی قریب میں بھارت نے بہت تواتر کے ساتھ سری لنکا کے خلاف باہمی سیریز کھیلیں، اتنی کہ خود دونوں ملکوں کے شائقین اکتا گئے اور اب ایسا لگتا ہے کہ یہی معاملہ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے لیے ہونے والا ہے کیونکہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل ایک مکمل بھارت-ویسٹ انڈیز سیریز کا اعلان کیا ہے۔ یہ گزشتہ چار سالوں میں ویسٹ انڈیز کا تیسرا دورۂ بھارت ہوگا۔

بھارت گزشتہ 20 سالوں میں اپنی سرزمین پر ویسٹ انڈیز سے کوئی ٹیسٹ نہیں ہارا (تصویر: AFP)
بھارت گزشتہ 20 سالوں میں اپنی سرزمین پر ویسٹ انڈیز سے کوئی ٹیسٹ نہیں ہارا (تصویر: AFP)

بی سی سی آئی کے اعلامیہ کے مطابق انتظامی معاملات طے کیے جانے کے بعد سیریز کی حتمی تاریخوں کا اعلان ہوگا فی الحال اس میں مقابلوں کی تعداد اور میزبان شہروں کی تصدیق ہوگئی ہے۔ تین ٹیسٹ مقابلے بنگلور، حیدرآباد اور احمد آباد میں ہوگے جبکہ ون ڈے میچز کولکتہ، وشاکھاپٹنم، کٹک، دھرم شالہ اور کوچی میں کھیلے جائیں گے۔ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ دارالحکومت دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

ویسٹ انڈیز نے آخری دورۂ بھارت 2013ء میں کیا تھا۔ اس سیریز میں سچن تنڈولکر نے اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا تھا لیکن ویسٹ انڈیز کی مایوس کن کارکردگی نے شائقین کو ٹکر کا مقابلہ نہیں دیکھنے دیا۔ مہمان ٹیم دونوں مقابلے اننگز کے واضح مارجن سے ہاری اور یوں شکست کا سلسلہ جاری رہا۔ ویسٹ انڈیز گزشتہ 20 سالوں میں بھارتی سرزمین پر کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیت سکا ہے۔ ماضی میں 'کالی آندھی' کہلانے والی ٹیم نے آخری مرتبہ 1993ء میں ہندوستان میں کوئی ٹیسٹ مقابلہ جیتا تھا۔

اس وقت بھی ویسٹ انڈیز شکستوں کے گرداب میں پھنسا ہوا ہے۔ دورۂ نیوزی لینڈ میں بھی اسے شکست ہوئی اور پھر اپنے میدانوں پربھی وہ نیوزی لینڈ کا زیر نہیں کر پایا۔ ڈیرن سیمی کی ریٹائرمنٹ کے بعد دنیش رام دین کی زیر قیادت بھی پہلے امتحان میں اسے ناکامی ہوئی ہے اور اب جبکہ عالمی درجہ بندی میں تمام قابل ذکر ٹیموں سے پیچھے آٹھويں نمبر پر موجود ہے، تو اسے بھارت کا سامنا ہے۔