سر منڈاتے ہی اولے پڑے، ڈکویلا کو پہلے ہی ٹیسٹ میں جرمانے کا سامنا

0 1,031

سری لنکا کے نو آموز وکٹ کیپر نیروشان ڈکویلا کو اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں جرمانے کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے کیونکہ انہوں نے ایک ایسا کیچ پکڑنے کا دعویٰ کی جو درحقیقت ان کے دستانوں میں پہنچنے سے پہلے ہی گرگیا تھا۔

ڈی ولیئرز کا کیچ پکڑنے کا دعوی کرنا نوجوان ڈکویلا کو مہنگا پڑ گیا (تصویر: AFP)
ڈی ولیئرز کا کیچ پکڑنے کا دعوی کرنا نوجوان ڈکویلا کو مہنگا پڑ گیا (تصویر: AFP)

جنوبی افریقہ کے خلاف کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے لیے سری لنکا نے دنیش چندیمال کو نکال کر ان کی جگہ سری لنکا 'اے' کے وکٹ کیپر نیروشان ڈکویلا کو شامل کیا تھا جنہوں نے پہلی ہی اننگز میں 72 رنزکی باری کھیل کر اپنے انتخاب کو درست ثابت کر دکھایا لیکن ٹیسٹ کے تیسرے دن کے ابتدائی لمحات میں حریف بلے باز ابراہم ڈی ولیئرز کا کیچ پکڑنے کا دعویٰ انہیں مہنگا پڑ گیا۔ باؤلر سورنگا لکمل کی ایک گیند ڈی ولیئرز کے دستانوں کو چھوتی ہوئی لیگ سائیڈ کی جانب گئی جہاں ڈکویلا نے گیند کو پکڑتے ہوئے مسرت سے اسے ہوا میں اچھال دیا اور امپائر سے آؤٹ کی اپیل کی۔ امپائر نائجل لونگ اور رچرڈ کیٹل برا نے طویل مشاورت کے بعد معاملہ تیسرے امپائر بلی باؤڈن کے سپرد کردیا جنہوں نے ٹیلی وژن ری پلے دیکھنے کے بعد پایا کہ گیند ڈکویلا کے دستانوں میں جانے سے پہلے ہی زمین پر گرگئی تھی۔

کرکٹ کی روح کے منافی حرکت کرنے اور کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے الزام کے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے میچ ریفری جیف کرو نے ڈکویلا کو 10 فیصد میچ فیس کا جرمانہ لگایا۔

ڈکویلا چند روز قبل سری لنکا 'اے' کے ہمراہ دورۂ انگلستان پر موجود تھے جب سری لنکا نے چندیمال کی جگہ انہیں طلب کرلیا جبکہ 'چندی' کو سری لنکا 'اے' کے وکٹ کیپر کی حیثیت سے انگلستان روانہ کردیا۔