معین علی کی غزہ اور فلسطین کی حمایت؛ آئی سی سی تحقیقات کرے گا

12 1,091

انگلینڈ کے پاکستانی نژاد آل راؤنڈر معین علی نے بھارت کے خلاف ساؤتھمپٹن میں جاری تیسرا ٹیسٹ غزہ اور فلسطین کی حمایت میں کلائی پٹی (wrist band) باندھ کر کھیلا، اور یوں ایک ہنگامہ کھڑا ہوچکا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے معین کے خلاف قانونی کاروائی کرسکتا ہے۔

معین علی کھیل کے دوران "غزہ بچاؤ" اور "آزاد فلسطین" کے حمایتی بینڈز پہنے رہے (تصویر: گیٹی)
معین علی کھیل کے دوران "غزہ بچاؤ" اور "آزاد فلسطین" کے حمایتی بینڈز پہنے رہے (تصویر: گیٹی)

معین علی ایجیس باؤل میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ میں پہلی اننگز میں بیٹنگ کے لیے آئے تو ان کی کلائی پر سفید اور سیاہ رنگ کی دو کلائی پٹیاں بندھی ہوئی تھیں، "غزہ کو بچاؤ" (Save Gaza) اور "آزاد فلسطین" (Free Palestine) لکھا ہوا تھا۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 سالہ کھلاڑی نے اس حوالے سے بورڈ سے اجازت نہیں لی تھی، مگر بورڈ کے خیال میں یہ ایسی خلاف قانون حرکت نہیں جس پر معین کو سزا دی جائے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ انگلش کھلاڑیوں نے 100 سال قبل آج ہی کے روز شروع ہونے والی پہلی جنگ عظیم کی یاد میں ایک تنظیم "ہیلپ فار ہیروز" کا نشان یہ میچ کھیلا تھا اور قوی امکان ہے کہ معین علی کا مقصد اس موقع پر لوگوں کی توجہ غزہ کے عالمی انسانی مسئلے کی طرف بھی مبذول کروانا ہو۔

البتہ آئی سی سی کی طرف سے ایسے اشارے موصول ہوئے ہیں کہ وہ اس واقعہ کا جائزہ لے گی اور جانچا جائے گا کہ آیا معین نے قانون شکنی کی ہے یا نہیں۔ اگر معین قانون شکن پائے گئے تو انہیں لیول-1 کی خلاف ورزی کے باعث اپنی 50 فیصد میچ فیس بطور جرمانہ ادا کرنا پڑے گی۔

آئی سی سی قوانین کے مطابق ٹیم انتظامیہاور کھلاڑیوں کے لیے کوئی بھی اشتہاری یا مخصوص پیغام دینے والی چیز اپنے کپڑوں سے منسلک کرنے یا ہاتھ میں پہننے سے قبل اپنے بورڈ سے اجازت لینا ضروری ہے البتہ سیاسی، مذہبی یا نسلی امتیاز کی سرگرمیوں یا جدوجہد سے متعلق پیغامات ظاہر کرنے کی قطعاً اجازت نہیں۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیل جارحیت کو 20 روز سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے جس میں اب تک ایک ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بڑی تعداد کمسن بچوں اور خواتین کی ہے۔