سورنگا لکمل زخمی، پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے

1 1,032

دورۂ سری لنکا میں پاکستان کے لیے سب سے تشویشناک امر اس کی بیٹنگ ہے۔ اسپنرز کے لیے مددگار وکٹوں پر سعید اجمل اہم ہتھیار ثابت ہوں گے لیکن بیٹنگ میں مصباح الحق کا ساتھ کون دے گا؟ اس بارے میں کچھ کہنا بہت مشکل ہے۔ البتہ سری لنکا کے خیمے میں ایک باؤلر کے زخمی ہونے سے پاکستان کے بلے بازوں کو کچھ سکون ضرور ملا ہوگا۔ سری لنکا نے اعلان کیا ہے کہ اس کے تیز باؤلر سورنگا لکمل زخمی ہونے کی وجہ سے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دونوں مقابلوں سے باہر ہوگئے ہیں۔

لکمل نے پاکستان کے خلاف گزشتہ سیریز میں تین میچز میں 12 وکٹیں لی تھیں، ان کی غیر موجودگی سری لنکا کو بہت زیادہ محسوس ہوگی (تصویر: Getty Images)
لکمل نے پاکستان کے خلاف گزشتہ سیریز میں تین میچز میں 12 وکٹیں لی تھیں، ان کی غیر موجودگی سری لنکا کو بہت زیادہ محسوس ہوگی (تصویر: Getty Images)

سورنگا لکمل جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران بائیں ٹخنے میں سوجن کا شکار تھے اور اب تکلیف میں مزید شدت آنے کے بعد انہیں تین ہفتے کے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ یعنی پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی ان کی شرکت کے امکانات کم ہیں۔

سری لنکا نے فی الحال تو لکمل کے متبادل کا اعلان نہیں کیا لیکن ٹیم انتظامیہ کے مطابق جلد ہی کسی کھلاڑی کو طلب کیا جائے گا۔ غالب امکان یہی ہے کہ کل سے گال میں شروع ہونے والے پہلے پاک-لنکا ٹیسٹ میں ان کی جگہ شامنڈا ایرنگا حصہ لیں گے، لیکن اس صورت میں جب وہ اپنی ہاتھ کی تکلیف سے چھٹکارہ پا لیں۔

ایرنگا جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں دائیں ہاتھ پر ضرب کھا بیٹھے تھے جس کے بعد انہیں انگوٹھے اور شہادت کی انگلی کے درمیان آٹھ ٹانکے لگے تھے اور وہ دوسرے ٹیسٹ سے بھی باہر ہوگئے تھے۔

43 ٹیسٹ اور 38 ون ڈے وکٹیں رکھنے والے لکمل اس وقت سری لنکا کے ٹیسٹ اسکواڈ کا مستقل حصہ ہیں اور ان کی عدم موجودگی سے باؤلنگ خاصی کمزور ہوجائے گی ۔ لکمل نے پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی گزشتہ سیریز میں 2 میچز میں 12 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے اسٹرائیک باؤلر لاستھ مالنگا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور اگر مذکورہ دونوں باؤلرز نہ کھیل پائے تو ذمہ داری اسپنرز کے کاندھوں پر آ جائے گی۔