بھارت تن تنہا عالمی کپ، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا

2 1,037

عالمی کرکٹ پر بھارت کا بڑھتا ہوا اثر و رسوخ اب کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے۔ اگر کسی کو اس میں شک و شبہ ہے تو وہ آئی سی سی کے اگلے آٹھ سالہ فیوچر ٹورز پروگرام پر نگاہ ڈال لے جس کے مطابق بھارت کو تاریخ میں پہلی بار نہ صرف ورلڈ کپ کی میزبانی ملے گی بلکہ وہ اسی عرصے میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور چیمپئنز ٹرافی بھی منعقد کرے گا۔

بھارت نے آخری بار 2011ء میں مشترکہ طور پر عالمی کپ کی میزبانی کی تھی، لیکن 2023ء میں پہلی بار وہ تن تنہا میزبان بنے گا (تصویر: Getty Images)
بھارت نے آخری بار 2011ء میں مشترکہ طور پر عالمی کپ کی میزبانی کی تھی، لیکن 2023ء میں پہلی بار وہ تن تنہا میزبان بنے گا (تصویر: Getty Images)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے نئے چیئرمین این شری نواسن کے مطابق اگلے آٹھ سالہ ایف ٹی پی میں 2016ء کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی، 2021ء کی چیمپئنز ٹرافی اور 2023ء کا ورلڈ کپ بھارت میں کھیلے جائیں گے۔

عالمی کپ فروری-مارچ 2023ء میں کھیلا جائے گا، جس کی میزبانی تاریخ میں پہلی بار بھارت تن تنہا کرے گا۔ ماضی میں بھی برصغیر میں عالمی کپ منعقد ہوچکے ہیں۔ 1987ء میں پاکستان اور بھارت اور 1996ء میں پاکستان، بھارت اور سری لنکا نے مشترکہ طور پر عالمی کپ کی میزبانی کی تھی جبکہ 2011ء میں بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو میزبانی کا شرف حاصل ہوا تھا۔ البتہ 2023ء میں بغیر کسی ملک کو شریک کیے پہلی بار عالمی کپ منعقد کرے گا۔

این شری نواسن کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھارت کو 16سے 18 سالوں میں جاکر کسی عالمی ایونٹ کی میزبانی ملتی تھی۔ عالمی کپ 2011ء کی مثال ہی لے لیں، جو 11 سال بعد بھارت میں منعقد ہونے والا کوئی آئی سی سی ایونٹ تھا، اس میں بھی بھارت کو دیگر ممالک شریک کرنا پڑا۔ اب آئندہ آٹھ سالوں میں ایسے بڑے ٹورنامنٹ بھارت میں ہوں گے جو بہت اہم پیشرفت ہے۔

واضح رہے کہ عالمی کپ 2015ء مشترکہ طور پر آسٹریلیا و نیوزی لینڈ میں اور عالمی کپ 2019ء انگلستان میں کھیلا جائے گا۔