پاک-لنکا دوسرے ٹیسٹ کے لیے سری لنکن دستے کا اعلان

1 1,001

پاکستان کے خلاف سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل ہونے کے بعد سری لنکا نے اب دوسرے و آخری معرکے کے لیے تیاری پکڑ لی ہے اور نوجوان تیز باؤلر بنورا فرنانڈو کو بھی 15 رکنی دستے میں طلب کرلیا ہے۔

19 سالہ بنورا فرنانڈو کو انڈر19 میں اچھی کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا گیا (تصویر: Getty Images)
19 سالہ بنورا فرنانڈو کو انڈر19 میں اچھی کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا گیا (تصویر: Getty Images)

بائیں ہاتھ سے تیز باؤلنگ کروانے والے 19 سالہ فرنانڈو کو سری لنکا انڈر19 کی جانب سے کھیلتے ہوئے اچھی کارکردگی پیش کرنے پر قومی دستے میں طلب کیا گیا ہے جبکہ ایک اور تبدیلی دیموتھ کرونارتنے کی صورت میں ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کو زخمی باؤلرز نووان پردیپ اور سورنگا لکمل کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔ سری لنکا کے ٹیم مینیجر مائیکل ڈی زوئیسا کے مطابق شامنڈا ایرنگا فٹ ہونے کی صورت میں ہی کولمبو ٹیسٹ کھیل پائیں گے۔

ایرنگا کے بارے میں ٹیم مینیجر کا کہنا تھا کہ وہ گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوران ہی ران کے بالائی پٹھوں میں کھنچاؤ کی شکایت کررہے تھے اور اپنی پوری رفتار کے ساتھ باؤلنگ بھی نہیں کرپائے۔ اگر وہ 14 اگست تک شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ تک مکمل صحت یاب ہوگئے تو انہیں کھلایا جائے گا۔

پاک-سری لنکا دوسرا ٹیسٹ کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں ہوگا اور یہ سری لنکا کے بیٹسمین مہیلا جے وردھنے کے کیریئر کا آخری مقابلہ ہوگا۔ جے وردھنے نے گزشتہ مہینے اعلان کیا تھا کہ وہ پاکستان کے ٹیسٹ سیریز کے بعد طویل طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے اور اپنی پوری توجہ صرف ایک روزہ مقابلوں پر مرکوز رکھیں گے۔

اعلان کردہ سری لنکن دستہ:

اینجلو میتھیوز (کپتان)، اوپل تھارنگا، بنورا فرنانڈو، چناکا ویلیگیدرا، دلرووان پیریرا، دیموتھ کروناتے رتنے، دھمیکا پرساد، رنگانا ہیراتھ، شامنڈا ایرنگا، کمار سنگاکارا، کوشال سلوا، کیتھوروون وتھاناگے، لاہیرو تھریمانے، مہیلا جے وردھنے اور نیروشان ڈکویلا۔