شہریار خان پی سی بی کی سربراہی سنبھالنے کے لیے تیار

0 1,264

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق سربراہ شہریار خان پی سی بی کے نو منتخب چیئرمین بننے جا رہے ہیں۔ پی سی بی چیئرمین کے انتخابات کے لیے شہریار کے علاوہ کسی اور امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے یوں اگر ان کے کاغذات پر کوئی اعتراض نہیں لگایا جاتا تو وہ 18 اگست کو ہونے والے انتخابات میں بلامقابلہ چیئرمین بن جائیں گے۔

5 اگست کو کرک نامہ نے بتایا تھا کہ شہریار خان صدارت کے سب سے مضبوط امیدوار ہیں
5 اگست کو کرک نامہ نے بتایا تھا کہ شہریار خان صدارت کے سب سے مضبوط امیدوار ہیں

پی سی بی چیئرمین کے نئے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ  جمعہ، 15 اگست تھی۔ چیئرمین کا انتخاب 10 رکنی گورننگ بورڈ کے اراکین میں سے کیا جانا تھا جن میں ریجنز اور ڈپارٹمنٹس کے چار، چار نمائندوں کے علاوہ شہریار خان اور نجم سیٹھی کو وزیر اعظم کی جانب خصوصی نمائندے کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔ نجم سیٹھی کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کے اعلان بعد شہریار خان پاکستان کرکٹ بورڈ کی سربراہی کے لیے مضبوط ترین امیدوار قرار دیے جا رہے تھے۔

اس عہدے کے لیے نجم سیٹھی اور ذکا  اشرف کے درمیان سربراہی کی رسہ کشی ایک سال سے بھی زائد جاری رہی جس میں دونوں کو کئی بار عدالتی حکم پر بحال اور برخاست کیا جاتا رہا۔ اس دوران پی سی بی کا نیا آئین تیار کیا گیا جس کے تحت گورننگ بورڈ کے ڈھانچے کو تبدیل کرکے چیئرمین کے انتخاب کا طریقہ طے کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ شہریار خان اس سے قبل دسمبر 2003ء میں جنرل توقیر ضیا کے استعفے کے بعد پی سی بی کے چیئرمین مقرر کیے گئے تھے۔ پی سی بی سے تین سالہ معاہدے کے باوجود انہوں نے اکتوبر 2006ء میں مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا جس کے بعد نسیم اشرف کو پی سی بی کا نیا سربراہ بنا دیا گیا تھا۔ 80 سالہ شہریار خان ایک ماہر سفارتکار کے طور پر پہچانے جاتے ہیں جو پاکستان کے خارجہ سیکرٹری بھی رہے۔