پاکستان کو دھچکا، جنید خان کولمبو ٹیسٹ سے باہر

3 1,007

پاکستان کی میچ میں جیت اور سیریز بچانے کی کوششوں کو سخت دھچکا پہنچا ہے کیونکہ اس کے اہم ترین گیندباز جنید خان دوسرے ٹیسٹ کے بقیہ کھیل سے باہر ہوگئے ہیں۔

جنید خان نے پہلی اننگز میں بہترین باؤلنگ کی تھی لیکن اب جبکہ پاکستان کو ان کی سخت ضرورت ہے، انہیں بقیہ مقابلہ میدان سے باہر بیٹھ کر دیکھنا پڑے گا (تصویر: AFP)
جنید خان نے پہلی اننگز میں بہترین باؤلنگ کی تھی لیکن اب جبکہ پاکستان کو ان کی سخت ضرورت ہے، انہیں بقیہ مقابلہ میدان سے باہر بیٹھ کر دیکھنا پڑے گا (تصویر: AFP)

جنید نے تیسرے روز پاکستانی اننگز کے آخری لمحات میں سری لنکا کے گیندباز دھمیکا پرساد کا ایک باؤنسر اپنے ہیلمٹ پر کھایا تھا۔ اس وقت تو انہوں نے اپنی بیٹنگ جاری رکھی اور بعد ازاں ناقابل شکست 13 رنز کے ساتھ میدان سے لوٹے لیکن کچھ دیر بعد وہ ڈریسنگ روم میں اپنا توازن کھو بیٹھے اور چکرا کر گر پڑے۔ انہیں فوری طور پر جانچ کے لیے مقامی ہسپتال لے جایا گیا اور تجزیوں کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں دو روز تک آرام کا مشورہ دیا ہے۔

پاکستان کے ٹیم مینیجر معین خان کے مطابق ہیلمٹ پر لگنے والے باؤنسر کی ضرب شدید تھی، گو کہ نہ ہی ہڈی ٹوٹی ہے اور نہ ہی اندرونی یا بیرونی طور پر کوئی بہا ہے، لیکن سوجن ضرور موجود ہے اور اس میں تکلیف کی وجہ سے جنید مزید نہیں کھیل پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنید خان کے تمام ٹیسٹ کلیئر ہیں اور وہ معمول کے مطابق کھا پی رہے اور باتیں کررہے ہیں لیکن مکمل صحت یاب آرام کے بعد ہی ہوپائیں گے۔

معین خان نے امید ظاہر کی کہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ مقابلوں کی سیریز سے قبل جنید مکمل طور پر فٹ ہوجائیں گے۔

دورۂ سری لنکا کے دونوں ٹیسٹ مقابلوں میں پاکستانی باؤلنگ اب تک سری لنکا کے بلے بازوں پر حاوی نہیں ہوسکی۔ دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز 261رنز پر سری لنکا کی 8 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کی باؤلنگ نے کچھ موزوں کارکردگی دکھائی تھی اور میزبان کی پہلی اننگز کو 320 رنز پر مکمل کرنے میں اہم کردار جنید خان کا تھا جنہوں نے 87 رنز دے کر 5کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا لیکن اب وہ عین اس موقع پر پاکستانی باؤلنگ اٹیک سے باہر ہوگئے ہیں جب پاکستان کو ان کی سخت ضرورت ہے۔ ہوسکتا ہے کہ جنید کا باہر ہونا کولمبو میں فیصلہ کن کردار ادا کرے۔