پاکستان نے زخمی جنید خان کی جگہ محمد عرفان کو طلب کرلیا

4 1,024

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز میں تو شکست کھائی ہی لیکن ساتھ ساتھ اپنے کامیاب ترین باؤلر جنید خان کی خدمات سے بھی تقریباً محروم ہوچکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان نے آنے والی ون ڈے سیریز کے لیے طویل قامت محمد عرفان کو طلب کرلیا ہے۔

محمد عرفان گزشتہ سال نومبر میں زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہوئے تھے اور اب دس مہینے بعد دوبارہ کھیل سکتے ہیں (تصویر: AFP)
محمد عرفان گزشتہ سال نومبر میں زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہوئے تھے اور اب دس مہینے بعد دوبارہ کھیل سکتے ہیں (تصویر: AFP)

ایک ایسی سیریز میں جہاں سری لنکا کے اسپنر رنگانا ہیراتھ دو ٹیسٹ میں 23 وکٹیں حاصل کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کرگئے، وہاں پاکستان کے باؤلرز کی حالت قابل رحم رہی۔ دنیا کےبہترین اسپنر سمجھے جانے والے سعید اجمل نے 34 کے بھاری اوسط سے صرف 9 وکٹیں حاصل کیں اور یوں بیٹنگ کے ساتھ ساتھ باؤلنگ کے شعبے میں بھی ناکامی نے پاکستان کو شکست سے دوچار کیا۔ رہی سہی کسر آخری ٹیسٹ کے دوران جنید خان کے زخمی ہونے سے پوری ہوگئی جو حریف باؤلر دھمیکا پرساد کا ایک باؤنسر اپنے ہیلمٹ پر کھا بیٹھے تھے۔ جنید بعد ازاں ڈریسنگ روم میں چکرا کر گر پڑے تھے جس کے بعد ڈاکٹر نے انہیں چند دن آرام کا مشورہ دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ کولمبو ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بیٹنگ کےلیے میدان میں نہیں آئے اور اب 25 اگست سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہے۔

پاکستان نے صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے 32سالہ محمدعرفان کو طلب کرلیا ہے جو پچھلے تقریباً ایک سال سے قومی ٹیم سے باہر ہیں۔ عرفان گزشتہ سال نومبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایک ٹی ٹوئنٹی کے دوران زخمی ہوگئے تھے اور اس کے بعد آپریشن اور بحالی کے مراحل سے گزرنے کے بعد کسی حد تک فٹ ہوگئے تھے البتہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے انہیں سری لنکا کے دورے پر لے جانے کا خطرہ مول نہیں لیا۔ اب تازہ صورتحال میں بادل نخواستہ انہیں طلب کیا گیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں موجود انتظامیہ کو جنید خان کی فٹنس کے حوالے سے شبہات ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس نے محمد عرفان کو طلب کیا ہے۔ آئندہ چند روز میں جنید خان کو وطن واپس بھیجنے کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ ہوگا۔

دوسری جانب ٹیسٹ میں کلین سویپ شکست کھانے والے پاکستانی دستے کے 7 کھلاڑی وطن واپس پہنچ چکے ہیں جبکہ ان کی جگہ 7 ہی کھلاڑی شاہد آفریدی، فواد عالم، محمد حفیظ، انور علی، شرجیل خان، ذوالفقار بابر اور صہیب مقصود سری لنکا پہنچ چکے ہیں۔ محمدعرفان کی شمولیت سے پاکستان کا دستہ خاصا مضبوط ہوجائے گا جس سے ون ڈے سیریز میں اچھےنتائج کی توقع کی جا سکتی ہے۔