ظہیر خان 'ارجن ایوارڈ' کے لیے نامزد

0 1,044

عالمی کپ 2011ء میں بھارت کے سب سے کامیاب باؤلر رہنے والے ظہیر خان کو بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے 'ارجن ایوارڈ' کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

اس بات کا اعلان بی سی سی کے سیکرٹری این سری نواسن نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کیا ہے۔

بائیں ہاتھ سے تیز گیند پھینکنے والے ظہیر خان نے عالمی کپ میں بھارتی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا اور پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کے ہمراہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ یعنی 21 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے کئی مواقع پر بھارت کو خطرناک صورتحال سے نکالا اور فتوحات میں مرکزی کردار ادا کیا۔

32 سالہ ظہیر خان نے 2000ء میں اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا اور 191 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں اب تک 273 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے 78 ٹیسٹ مقابلوں میں بھی حصہ لیا اور 271 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا۔ اس میں 10 مرتبہ 5 وکٹیں اور ایک مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ بھی شامل ہے۔

ظہیر خان اس وقت ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پانچویں بہترین گیند باز ہیں۔