دورۂ ویسٹ انڈیز، بھارتی دستے کا اعلان 13 مئی کو ہوگا

0 1,016

دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے بھارت کی ٹیم کا اعلان 13 مئی کو چنئی میں کیا جائے گا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے مطابق قومی سلیکشن پینل کا اجلاس مذکورہ تاریخ کو کرش سری کانت کی قیادت میں ہوگا۔

انڈین پریمیئر لیگ کے اختتام کے بعد بھارت کی قومی ٹیم یکم جون کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوگی جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف ایک ٹی ٹوئنٹی، پانچ ایک روزہ اور 3 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کا پہلا ٹکراؤ 4 جون کو پورٹ آف اسپین، ٹرینیڈاڈ کے کوئنز پارک اوول میں ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے میں ہوگا۔

واحد ٹی ٹوئنٹی مقابلے کے بعد دونوں ٹیمیں 5 ایک روزہ میچز کھیلیں گی جس کے اولین دونوں میچز 6 اور 8 جون کو کوئنز پارک اوول میں ہی ہوں گے جبکہ تیسرا اور چوتھا ایک روزہ میچ سر ویون رچرڈز اسٹیڈیم، اینٹیگا میں کھیلا جائے گا۔ عالمی چیمپین بھارت 16 جون کو سبائنا پارک، کنگسٹن، جمیکا میں آخری ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیزکا سامنا کرے گا۔

محدود اوور کے اس سلسلے کے اختتام پر عالمی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچز میں میزبان ویسٹ انڈیز کا مقابلہ کرے گی جو 20 جون سے 10 جولائی کے درمیان کھیلے جائیں گے۔ یہ مقابلے کنگسٹن، جمیکا؛ برج ٹاؤن، بارباڈوس اور روسیو، ڈومینیکا میں ہوں گے۔

13 مئی کو ہونے والے اجلاس میں صرف ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ مرحلے کے لیے ٹیم کا اعلان کیا جائے گا جبکہ تین ٹیسٹ میچز کے لیے بھارتی دستے کا اعلان بعد میں ہوگا۔

بھارت کا انگلستان کے اہم دورے سے قبل یہ واحد بین الاقوامی دورہ ہوگا۔ انگلش سرزمین پر بھارت چار ٹیسٹ، ایک ٹی ٹوئنٹی اور 5 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کھیلے گا۔

بھارت کا دورۂ ویسٹ انڈیز 2011ء

ٹی ٹوئنٹی مرحلہ

واحد ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلہ 4 جون کوئنز پارک اوول، پورٹ آف اسپین، ٹرینیڈاڈ
ایک روزہ مرحلہ
پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ 6 جون کوئنز پارک اوول، پورٹ آف اسپین، ٹرینیڈاڈ
دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی میچ 8 جون کوئنز پارک اوول، پورٹ آف اسپین، ٹرینیڈاڈ
تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی میچ 11 جون سر ویون رچرڈز اسٹیڈیم، نارتھ ساؤنڈ، اینٹیگا
چوتھا ایک روزہ بین الاقوامی میچ 13 جون سر ویون رچرڈز اسٹیڈیم، نارتھ ساؤنڈ، اینٹیگا
پانچواں ایک روزہ بین الاقوامی میچ 16 جون سبائنا پارک، کنگسٹن، جمیکا
ٹیسٹ مرحلہ
پہلا ٹیسٹ 20 تا 24 جون سبائنا پارک، کنگسٹن، جمیکا
دوسرا ٹیسٹ 28 جون تا 2 جولائی کینسنگٹن اوول، برج ٹاؤن، بارباڈوس
تیسرا ٹیسٹ 6 تا 10 جولائی ونڈسر پارک، روسیو، ڈومینیکا