پاکستان کے لیے اہم دن: سعید اجمل جانچ کی چھری تلے

5 1,019

آج سعید اجمل اور پاکستان کے لیے اہم ترین دن ہے۔ تاخیر سے شروع ہونے کے باوجود بہترین کیریئر رکھنے والے سعید آج دوسری بار اپنے باؤلنگ ایکشن کو مشتبہ قرار دیے جانے کے بعد جانچ کی چھری تلے آن پہنچے ہیں۔

سعید اجمل باؤلنگ ایکشن کی جانچ کے لیے آسٹریلیا کے شہر برسبین میں موجود ہیں (تصویر: AFP)
سعید اجمل باؤلنگ ایکشن کی جانچ کے لیے آسٹریلیا کے شہر برسبین میں موجود ہیں (تصویر: AFP)

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلی گئی حالیہ ٹیسٹ سیریز کے دوران امپائروں اور میچ ریفری نے ان کے باؤلنگ ایکشن پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا اور اس کی رپورٹ آئی سی سی کو بھیج دی۔ قواعد کے مطابق باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہوجانے کے بعد باؤلر کو 21 دن کے اندر اندر منظور شدہ مقامات سے جانچ کروانا پڑتی ہے، جس کے نتائج کی بنیاد پرآئی سی سی فیصلہ کرتا ہے۔

سعید اجمل آج آسٹریلیا کے شہر برسبین میں قائم کرکٹ آسٹریلیا کے نیشنل کرکٹ سینٹر میں تجربات کے مرحلے سے گزریں گے۔ آئی سی سی کے ماہرین ایک ٹیم ان کی باؤلنگ ایکشن کی جانچ کرے گی۔ جس کے بعد آئندہ دو ہفتے میں آئی سی سی جانچ کے نتائج کا اعلان کرے گا۔ آئی سی سی کے مطابق اس پورے عمل کی نگرانی ان کا عملہ کرے گا البتہ تنصیبات کرکٹ آسٹریلیا کی استعمال ہوں گی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی رضامندی سے ہی اس مقام اور تاریخ کا تعین کیا گیا ہے۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ جانچ کے نتائج سامنے آنے تک وہ اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کرے گا۔

سعید 2009ء میں بھی باؤلنگ ایکشن پر اعتراض کی زد میں آئے تھے لیکن پرتھ، آسٹریلیا میں قائم دوسرے مرکز سے جانچ کروا کر وہ اس الزام کی زد سے نکل آئے تھے۔ البتہ اب آئی سی سی نے پرتھ کے بجائے برسبین اور کارڈف میں دو مراکز سے جانچ کروانے کے احکامات جاری کیے ہیں اور بدقسمتی سے اب تک جتنے بھی گیندباز ان دونوں مقامات سے اپنے باؤلنگ ایکشن کی جانچ کروا کر آئے ہیں، تقریباً سبھی پر پابندی عائد ہوئی ہے۔ ماہرین کی اسی ٹیم نے گزشتہ ماہ سری لنکا کے سچیتھرا سینانائیکے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن کے باؤلنگ ایکشن کو قانونی حد سے تجاوز کرتا ہوا قرار دیا تھا جس کے نتیجے میں آئی سی سی نے دونوں باؤلرز پر پابندی عائد کردی تھی۔ اب ہوسکتا ہے کہ سعید اجمل کے ذریعے وہ اپنی 'ہیٹ ٹرک' مکمل کریں۔

اگر سعید اجمل پر پابندی عائد ہوتی ہے تو سب سے زیادہ سکھ کا سانس آسٹریلیا لے گا جسے رواں سال متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں پاکستان کے خلاف کھیلنا ہے۔ ماضی میں آسٹریلیا کے بلے باز سعید اجمل کے خلاف جدوجہد کرتے دکھائی دیے ہیں اور اگر انہیں اسپن جادوگر سے چھٹکارہ مل جائے تو ان کے جیتنے کے امکانات خاصے بڑھ جائیں گے۔