یونس خان کو صدمہ، پاک-لنکا سیریز سے باہر

4 1,033

پاکستان کے سینئیر بلے باز یونس خان اپنے بھتیجے کے انتقال کی وجہ سے فوری طور پر وطن واپس آ رہے ہیں یعنی وہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین جاری ایک روزہ سیریز کے بقیہ دو مقابلوں میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔

یونس خان پہلے ایک روزہ میں صرف تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے
یونس خان پہلے ایک روزہ میں صرف تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے

یونس خان کے 10 سالہ بھتیجے سعد خان جگر کے عارضے میں مبتلا تھے اور اس کی پیوندکاری کی ضروری تھی جس کے لیے وہ بھارت میں موجود تھے۔ تاہم سوموار کو وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔ یونس اس صدمے کے بعد سیریز ادھوری چھوڑ کر گھر روانہ ہوچکے ہیں۔ سعد خان کی نماز جنازہ خیبر پختونخواہ میں ان کے آبائی شہر میں ادا کی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کی جگہ متبادل کے طور پر کسی کھلاڑی کو نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے یعنی پاکستان اب موجود وسائل ہی استعمال کرتے ہوئے سیریز کے باقی دو مقابلے جیتے گا۔ یاد رہے کہ مصباح الیون پہلے ہی اپنے سب سے بہترین گیند باز سعید اجمل سے محروم ہے۔

پاکستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف سیریز کا دوسرا میچ 26 اگست کو ہمبنٹوٹا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 30 اگست کو دمبولا میں کھیلے گی۔ پاکستان کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔

36 سالہ یونس خان کو ڈیڑھ سال کے طویل عرصے کے بعد ایک روزہ ٹیم میں جگہ دی گئی تھی تاہم پاک-لنکا سیریز کے پہلے ون ڈے میں وہ صرف تین رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے البتہ پاکستان نے فواد عالم اور صہیب مقصود کی ریکارڈ شراکت داری کی بدولت مقابلہ 4 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔ ٹیسٹ سیریز میں بھی 177 رنز کی ایک شاندار اننگز کھیلنے کے علاوہ کوئی نمایاں کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے جس کی وجہ سے پاکستان کو دونوں مقابلوں میں شکست ہوگئی تھی۔