زخم خوردہ بنگلہ دیش کے لیے نمک کا انتظام، ویسٹ انڈیز کا کلین سویپ

2 1,061

دوسرے ایک روزہ مقابلے میں صرف 70 رنز پر ڈھیر ہوجانے والے زخم خوردہ بنگلہ دیش کے لیے ویسٹ انڈیز نے نمک کا اہتمام تیسرے و آخری ون ڈے میں کیا جہاں دنیش رام دین اور ڈیرن براوو کی جانب سے ہونے والی چھکوں کی بارش نے ویسٹ انڈیز کو 91 رنز سے جتوا دیا۔ رام دین-براوو شراکت داری میں 19 چھکے بھی شامل تھے جن میں سے 11 رام دین کے حصے میں آئے جبکہ براوو نے 9 مرتبہ گیند کو میدان سے باہر پہنچایا۔

دنیش رام دین نے 169 رنز کی اننگز می 11 چھکے بھی لگائے (تصویر: AFP)
دنیش رام دین نے 169 رنز کی اننگز می 11 چھکے بھی لگائے (تصویر: AFP)

سینٹ کٹس میں ہونے والے سیریز کے تیسرے و آخری ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ منتخب کرنے کے بعد صرف 12 رنز پر اپنے دونوں اوپنرز گنوائے لیکن اس کے بعد رام دین اور براوو مقابلے پر چھا گئے۔ دونوں نے اوسط حجم کے میدان، فیصل آبادی انداز کی وکٹ اور تیز ہواؤں کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور ایک مرتبہ حالات سے مانوس ہوجانے کے بعد اپنی مرضی سے رنز لوٹے۔ دونوں کو ابتداء میں زندگیاں بھی ملیں۔ صرف 10 کے انفرادی اسکور پر بنگلہ دیشی کپتان مشفق الرحیم نے وکٹوں کے پیچھے نااہلی دکھائی اور ڈیرن براوو اسٹمپڈ ہونے سے بچ گئے جبکہ عبد الرزاق نے اس وقت رام دین کا کیچ چھوڑا جب وہ صرف 35 رنز پر کھیل رہے تھے۔ بعد ازاں رام دین 121 گیندوں پر 169 اور ڈیرن براوو 127 گیندوں پر 124 رنز بنا گئے۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ویسٹ انڈیز نے مقررہ پچاس اوورز میں کل 338 رنز بنائے جن میں ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں ڈیرن سیمی اور کیرون پولارڈ کا حصہ محض 10، 10 رنز کا تھا۔

رام دین کی 169 رنز کی اننگز گھریلو میدانوں پر کسی بھی ویسٹ انڈین بلے باز کی سب سے طویل اننگز تھی جبکہ دونوں کی 258 رنز کی شراکت داری بھی کسی بھی وکٹ کے لیے ویسٹ انڈیز کی سب سے بڑی رفاقت تھی۔

339 رنز کا تعاقب تو سرے سے بنگلہ دیش کے بلے بازوں کے بس کی بات ہی نہ تھی لیکن گزشتہ مقابلے میں 70 رنز پر ڈھیر ہوجانے کے بعد انہوں نے اس میچ میں نسبتاً بہتر کارکردگی پیش کی۔ ابتدائی دو اوورز میں دوکھلاڑیوں سے محروم ہوجانے کے بعد، جس میں کیمار روچ کا ایک ناقابل یقین کیچ بھی شامل تھا، بنگلہ دیش نے اپنے حصے کے پورے 50 اوورز کھیلے لیکن رنز محض 247 ہی بنا پائے۔ جس میں تمیم اقبال کے 55 اور کپتان مشفق الرحیم کے 72 رنز شامل رہے۔

ویسٹ انڈیز کے روی رامپال اپنے 10 اوورز میں صرف 29 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے جبکہ ایک، ایک کھلاڑی کو جیسن ہولڈر، ڈیوین براوو، کیمار روچ اور سنیل نرائن نے آؤٹ کیا۔

دنیش رام دین کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

اب دونوں ٹیمیں کل یعنی بدھ کو یہیں پر واحد ٹی ٹوئنٹی مقابلہ کھیلیں گی جس کے بعد ٹیسٹ سیریز کا آغاز 5 ستمبر کو کنگزٹاؤن سے ہوگا۔