مشتبہ باؤلنگ ایکشن، پی سی بی کا کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ

1 1,023

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے مشتبہ باؤلنگ ایکشن کے حامل گیندبازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے آغاز کے بعد اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ ایسے باؤلنگ ایکشن رکھنے والے باؤلرز پر کڑی نظر رکھے گا۔

پی سی بی نے یہ فیصلہ سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے بعد کیا ہے (تصویر: AFP)
پی سی بی نے یہ فیصلہ سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے بعد کیا ہے (تصویر: AFP)

پی سی بی کا یہ فیصلہ اس وقت منظرعام پر آیا ہے جب پاکستان کے نمبر ایک باؤلر سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن پر اعتراض اٹھایا گیا ہے اور وہ اس وقت آسٹریلیا کے شہر برسبین میں اپنے باؤلنگ ایکشن کی جانچ کے لیے موجود ہیں۔ گو کہ ابھی سعید اجمل کی جانچ کے نتائج آنے میں دو ہفتے لگیں گے، لیکن بورڈ نے ممکنہ خدشات کے پیش نظر مستقبل کے لیے ابھی سے تیاری کرلی ہے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں ایسے باؤلرز کے ایکشن درست کرنے کے لیے ایک پانچ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔

کمیٹی کا کام ڈومیسٹک مقابلوں میں رپورٹ ہونے والے باؤلرز کے باؤلنگ ایکشن کو قانونی دائرے کے اندر لانا ہوگا۔ بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق کمیٹی میں معروف امپائر علیم ڈار ، سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچ محمد اکرم، قومی اسپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد اور سینئر جی ایم اسپورٹس میڈیسن ڈاکٹر سہیل سلیم شامل ہیں۔

پی سی بی ترجمان نے معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک سرکٹ میں ایسے باؤلرز بھی ہوسکتے ہیں جو نوجوان ہوں اور انہیں اپنے باؤلنگ ایکشن میں معمولی بہتری کی ضرورت ہو۔ ہمارے پاس گیندبازوں کی ایک فہرست ہے اور امپائروں اور میچ ریفریز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اگر وہ مشتبہ ایکشن کے حامل باؤلرز پر نگاہ رکھیں۔ رپورٹ ہونے والے باؤلرز کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ایکشن کی درستگی کے لیے ایک طریق کار سے گزارا جائے گا، جس کی نگرانی یہ پانچ رکنی کمیٹی کرے گی۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے باؤلرز، بالخصوص آف اسپنرز، کے خلاف حالیہ سخت کارروائیوں کے بعد یہ قدم اٹھایا ہے۔ پاکستان کے سعید اجمل کے علاوہ اس سال اب تک چار کھلاڑیوں کے باؤلنگ ایکشن پر انگلی اٹھ چکی ہے جن میں سے دو تو پابندی بھگت رہے ہیں جبکہ سعید اجمل سمیت باقی دو کی رپورٹیں آنا ابھی باقی ہیں۔