خواتین کا دورۂ آسٹریلیا، پاکستان پہلے مرحلے میں بری طرح ناکام

2 1,010

پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے دورۂ آسٹریلیا کا پہلا مرحلہ مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا جہاں آسٹریلیا نے اسے چوتھے اور آخری ایک روزہ مقابلے میں 37 رنز سے شکست دے کر سیریز چار-صفر سے جیت لی۔

پاکستان کی جانب سے واحد قابل ذکر اننگز جویریہ خان نے کھیلی، جنہوں نے دورے پر پہلی نصف سنچری بنائی (تصویر: Getty Images)
پاکستان کی جانب سے واحد قابل ذکر اننگز جویریہ خان نے کھیلی، جنہوں نے دورے پر پہلی نصف سنچری بنائی (تصویر: Getty Images)

برسبین میں کھیلے گئے چوتھے مقابلے میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور اوپنر نکول بولٹن اور الیسا ہیلی کی نصف سنچری شراکت داری سے مستحکم آغاز لیا۔ گو کہ محض 14 رنز کے اضافے سے آسٹریلیا دونوں اوپنرز اور گزشتہ مقابلے میں فاتحانہ اننگز کھیلنے والی کپتان میگ لیننگ سے محروم ہو گیا لیکن چھٹی وکٹ پر ایرن اوسبورن اور ڈیلنسا کمنس کی 41 رنز کی شراکت داری نے اسے 200 کا ہندسہ عبور کرنے میں مدد دی۔ کمنس 53 گیندوں پر 42 رنز بنانے کے بعد پاکستان کی کپتان ثناء میر کی تیسری وکٹ بنیں جبکہ اوسبورن 51 گیندوں پر 47 رنز بنانے کے بعد ناقابل شکست میدان سے لوٹیں۔

پاکستان کی جانب سے ثناء میر نے 3 جبکہ بسمہ معروف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ایک، ایک وکٹ قانطہ جلیل اور ماہم طارق کو بھی ملی۔

221 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان اس وقت تک بہت اچھی پوزیشن میں تھا جب جویریہ خان کی نصف سنچری کی بدولت وہ صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 89 رنز بنا چکا تھا لیکن بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی آج اوسبورن کا دن تھا جنہوں نے جویریہ خان کی قیمتی وکٹ حاصل کرکے نہ صرف 79 رنز کی شراکت داری کا خاتمہ کیا بلکہ ان کے بعد بسمہ معروف کو بھی چلتا کردیا۔ پاکستان کی اننگز کے بعد جیت کی راہ پر گامزن نہ ہوسکی۔ اس وقت تک کچھ امیدیں تھیں جب تک کپتان ثناء میر کریز پر موجود تھیں لیکن 148 کے مجموعے پر ان کی وکٹ گرنے کے بعد رہے سہے امکانات کا بھی خاتمہ ہوگیا اور بالآخر پوری ٹیم آخری اوور میں 183 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ جویریہ خان نے چھ چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے، جو ان کی سیریز میں پہلی نصف سنچری تھی جبکہ بسمہ معروف 25 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بلے باز رہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے سارا کوئٹے نے تین اور اوسبورن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ایک، ایک کھلاڑی کو رین فیرل، میگان شو، جیس جوناسن اور کرسٹن بیمز نے آؤٹ کیا۔

اوسبورن کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ اوپنر نکول بولٹن اپنی بیٹنگ کی بدولت سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔

اب 30 اگست سے پاکستان اور آسٹریلیا 4 ٹی ٹوئنٹی مقابلے بھی کھیلیں گے۔