سی ایل ٹی20 : لاہور لائنز کو ویزے مل گئے، کل روانگی

4 1,000

کئی دن بے یقینی کی کیفیت میں گزارنے کے بعد بالآخر پاکستان کی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی چیمپئن لاہور لائنز کو چیمپئنز لیگ کھیلنے کے لیے بھارت کے ویزے جاری کردیے گئے۔

ویزے کا معاملہ کئی دن لٹکا رہا، بالآخر آج ٹیم کو ویزے موصول ہوگئے (تصویر: PCB)
ویزے کا معاملہ کئی دن لٹکا رہا، بالآخر آج ٹیم کو ویزے موصول ہوگئے (تصویر: PCB)

دنیا بھر میں ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بننے والی ٹیموں کا عالمی ٹورنامنٹ سی ایل ٹی20 گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی بھارت میں منعقد ہونے والا ہے لیکن گزشتہ چند دنوں سے ایسی خبریں منظرعام پر آرہی تھی کہ پاکستانی چیمپئن لاہور لائنز کے کھلاڑیوں کو شاید ویزے نہ مل پائیں اور وہ ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت نہ کرپائے لیکن پیر کی صبح پاکستان کو سفری ٹکٹ اور ویزے موصول ہوگئے اور اب ٹیم کل یعنی منگل کو صبح سویرے بھارت روانہ ہوجائے گی۔

لاہور لائنز کی قیادت پاکستان کے سابق ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ کے ہاتھوں میں ہے جبکہ ٹیم میں عمر اکمل، احمد شہزاد، ناصر جمشید اور وہاب ریاض بھی شامل ہیں۔ گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی پاکستانی ٹیم کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا۔ 2012ء میں پہلی بار سیالکوٹ اسٹالینز نے پاکستان کی جانب سے سی ایل ٹی 20 کھیلی تھی جبکہ گزشتہ سال فیصل آباد وولفز نے شرکت کی اور دونوں ٹیمیں کوالیفائنگ مرحلے سے آگے نہ بڑھ پائیں۔

لاہور لائنز نے رواں سال کے اوائل میں ہونے والے فیصل بینک ٹی-20 کپ کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد فیصل آباد وولفز کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی اور یوں چیمپئنز لیگ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

سی ایل ٹی20 میں لاہور لائنز کا پہلا مقابلہ 13 ستمبر کو ممبئی انڈینز جیسے سخت حریف سے ہوگا۔ جبکہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں اس کے باقی دو مقابلے نیوزی لینڈ کی ناردرن ڈسٹرکٹس اور سری لنکا کی سدرن ایکسپریس کے ساتھ ہوں گے۔ کوالیفائنگ مرحلے کے تمام چھ مقابلے ریاست چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور میں ہوں گے جہاں کا شہید ویر نرائن سنگھ انٹرنیشنل اسٹیڈیم ان مقابلوں کا میزبان ہوگا۔ آغاز 13 ستمبر کو نیوزی لینڈ کی چیمپئن ناردرن ڈسٹرکٹس اور سری لنکا کی سدرن ایکسپریس کے درمیان مقابلے سے ہوگا جبکہ اسی روز پاکستان کی چیمپئن لاہور لائنز انڈین پریمیئر لیگ میں چوتھے نمبر پر آنے والی ممبئی انڈینز سے مقابلہ کریں گی۔

کوالیفائنگ مرحلے سے دو ٹیمیں مین راؤنڈ میں پہنچیں گی، جس کا آغاز 17 ستمبر کو حیدرآباد میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور چنئی سپر کنگز کے درمیان مقابلے سے ہوگا ۔ یہاں ٹیموں کو پانچ، پانچ کے دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جہاں سے سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

6 ملین ڈالرز انعامی مالیت کے ٹورنامنٹ کے فاتح کا فیصلہ 4 اکتوبر کو بنگلور میں ہوگا۔