سعید اجمل پر پابندی عائد؛ باؤلنگ ایکشن غیر قانونی قرار

9 1,069

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے اسپن جادوگر سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں گیند بازی سے روک دیا ہے۔ سعید 15 روز کے اندر آئی سی سی کے اس فیصلے کے خلاف اپیل کرسکتے ہیں۔

سعید اجمل ون ڈے رینکنگ کے سرفہرست گیند باز ہیں۔ (تصویر: AFP)
سعید اجمل ون ڈے رینکنگ کے سرفہرست گیند باز ہیں۔ (تصویر: AFP)

گزشتہ ماہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے دوران سعید اجمل کے ایکشن سے متعلق شکایت کی گئی تھی جس کے بعد آئی سی سی نے آسٹریلیا کے شہر برسبین میں قائم کرکٹ آسٹریلیا کے نیشنل کرکٹ سینٹر میں سعید کے ایکشن کی جانچ کی۔

آئی سی سی نے جانچ کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعید اجمل کی تمام گیندیں 15 ڈگری سے زیادہ زاویہ سے کروائی گئیں جو کرکٹ کے عالمی قوانین کے خلاف ہے لہذا سعید کے باؤلنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیا جاتا ہے اور انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں مزید گیند بازی کی اجازت حاصل نہیں۔

سعید اجمل کو اختیار حاصل ہے کہ وہ پندرہ روز کے اندر بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرسکتے ہیں۔ اگر آف اسپنر اپیل نہیں کرتے تو انہیں اپنے ایکشن میں ضروری تبدیلیاں کرتے ہوئے اسے قانونی حدوں کے اندر لانا ہوگا اور اس کے بعد آئی سی سی کا امتحان پاس کرنے کے صورت بین الاقوامی کرکٹ میں باؤلنگ کی اجازت مل سکتی ہے۔

اس سے قبل 2009ء میں سعید اجمل باؤلنگ ایکشن پر اعتراض کی زد میں آئے تھے تاہم آئی سی سی نے انہیں کلیئر قرار دے دیا تھا۔

37 سالہ سعید اجمل 35 ٹیسٹ، 111 ایک روزہ اور 63 ٹی ٹوینٹی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 446 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ وہ نہ صرف ایک روزہ کے بہترین گیند بازوں کی فہرست میں اول نمبر پر موجود ہیں بلکہ ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی کے دس-بہترین گیند بازوں کی فہرست میں بھی شامل ہیں۔ گزشتہ تین سالوں سے سعید اجمل تینوں طرز کی کرکٹ میں مجموعی طور سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرتے آئے ہیں۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے باؤلرز، بالخصوص آف اسپنرز، کے خلاف سخت کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان کے سعید اجمل کے علاوہ ایک سال کے دوران چار دیگر کھلاڑیوں کے باؤلنگ ایکشن پر بھی اعتراض کیا گیا جن میں سے نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن اور سری لنکا کے سچیتھرا سینانائیکے پر پابندی لگائی جا چکی ہے۔