پی سی بی سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو خود جانچے گا

1 1,012

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کی ازخود جانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے روبرو اپیل کرنے کا معاملہ موخر ہوگیا ہے۔

ناقص باؤلنگ ایکشن کے حامل باؤلرز کی تلاش اور ان کے ایکشن میں سدھار کے لیے قائم کردہ کمیٹی میں موجودہ اسپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد بھی شامل ہیں (تصویر: AFP)
ناقص باؤلنگ ایکشن کے حامل باؤلرز کی تلاش اور ان کے ایکشن میں سدھار کے لیے قائم کردہ کمیٹی میں موجودہ اسپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد بھی شامل ہیں (تصویر: AFP)

پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ بورڈ اس فیصلے کے خلاف اپیل کرے گا کیونکہ آئی سی سی نے یہ اختیار دے رکھا ہے۔ لیکن اب حالیہ بیان ظاہر کررہا ہے کہ بورڈ نے معاملے پر مزید غور کرنے کے بعد سعید کو بلاوجہ خطرے میں نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے اور معاملے کو حال ہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی کے سپرد کیا ہے جس کی ذمہ داری مقامی کرکٹ میں مشتبہ باؤلنگ ایکشن کے حامل گیندبازوں کو تلاش کرنا اور ان کے ایکشن بہتر بنانے کی کوشش کرنا ہے۔ پانچ رکنی کمیٹی اب سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کی جانچ کرے گی اور پھر اس کی سفارشات کی بنیاد پر پی سی بی اگلا قدم اٹھائے گا۔ کمیٹی میں سابق باؤلنگ کوچ محمد اکرم اور موجودہ اسپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد کے علاوہ امپائر علیم ڈار، علی ضیاء اور ڈاکٹر سہیل سلیم شامل ہیں۔ علیم ڈار کی عدم موجودگی کی صورت میں ان کی جگہ احسن رضا کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

سعید اجمل کا کہنا ہے کہ ایک حادثے کی وجہ سے ان کے بازو میں قدرتی طور پر خم پایا جاتا ہے اور اسی وجہ سے 2009ء میں پہلی بار رپورٹ ہونے کے بعد ان کے باؤلنگ ایکشن کو کلیئر قرار دیا گیا تھا۔ لیکن گزشتہ روز آئی سی سی نے اعلان کیا کہ حالیہ جانچ میں "دوسرا" سمیت سعید اجمل کی تمام گیندیں مقررہ حد سے تجاوز کرتی پائی گئیں اس لیے انہیں فوری طور پر معطل کردیا گیا۔ قوانین کے مطابق معطل شدہ گیندباز مقامی بورڈ کی زیر نگرانی ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیل سکتا ہے اور اپنی باؤلنگ ایکشن میں بہتری کے بعد اپیل دائر کرسکتا ہے۔

معاملہ کمیٹی کے سپرد آنے کے فوراً پی سی بی نے سعید اجمل کی جانب سے ایک بیان جاری کیا ہے کہ وہ کمیٹی کی سفارشات اور نتائج سامنے آنے تک معاملے پر کوئی رائے نہیں دیں گے۔