چیمپئنز لیگ ٹی20، کوالیفائنگ مرحلے کا آغاز کل ہوگا

6 1,062

یورپی فٹ بال ایسوسی ایشنز کا اتحاد (یوئیفا) ہر سال براعظم کی چیمپئن کلب ٹیموں کے لیے یوئیفا چیمپئنز لیگ جیسا شاندار ٹورنامنٹ منعقد کرتا ہے اور اسی سے تحریک پاتے ہوئے بھارت، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈز نے چیمپئنز لیگ ٹی20 کے نام سے کرکٹ پرستاروں کے لیے ایک ٹورنامنٹ طے کیا، جو اب چھٹے سال میں داخل ہونے والا ہے۔

دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز کو اس سال کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا جہاں اس کا پہلا مقابلہ لاہور لائنز سے ہوگا (تصویر: BCCI)
دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز کو اس سال کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا جہاں اس کا پہلا مقابلہ لاہور لائنز سے ہوگا (تصویر: BCCI)

سی ایل ٹی20 کا چھٹا ایڈیشن رواں ماہ کی 17 تاریخ سے بھارت میں شروع ہو رہا ہے لیکن اس کا کوالیفائنگ مرحلہ کل یعنی 13 ستمبر سے کھیلا جائے گا۔ پاکستان کے کرکٹ شائقین کی نظریں بھی صرف اسی مرحلے پر ہیں کہ جہاں پاکستان کی ٹی 20 چیمپئن لاہور لائنز کھیلے گی، جس کا پہلا ہدف مرکزی مرحلے تک پہنچناہے۔

سی ایل ٹی20 بھارت، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے بورڈز کی مشترکہ ملکیت ہے اس لیے بھارت، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ایک سے زائد ٹیمیں نہ صرف اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیتی ہیں بلکہ انہیں براہ راست مرکزی مرحلے تک رسائی بھی ملتی ہے۔ انڈین پریمیئر لیگ کی سرفہرست تین ٹیمیں، آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کی دو اور جنوبی افریقہ کی دو ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کرتی ہیں جبکہ آئی پی ایل میں چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیم کو بھی کوالیفائنگ راؤنڈ میں جگہ ملتی ہے جہاں اس کا مقابلہ پاکستان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی چیمپئن ٹیموں سے ہوتا ہے۔

کوالیفائنگ مرحلے میں اس سال پاکستان سے لاہور لائنز کے علاوہ آئی پی ایل سے ممبئی انڈینز، سری لنکا سے سدرن ایکسپریس اور نیوزی لینڈ سے ناردرن ڈسٹرکٹس کی ٹیمیں کھیلیں گی جن میں سے صرف دو اگلے مرحلے تک رسائی پاسکتی ہیں۔ جہاں بھارت سے کولکتہ نائٹ رائیڈرز، کنگز الیون پنجاب، چنئی سپر کنگز، آسٹریلیا سے پرتھ اسکارچرز اور ہوبارٹ ہریکینز، جنوبی افریقہ سے ڈولفنز اور کیپ کوبراز اور ویسٹ انڈیز سے بارباڈوس ٹرائیڈنٹس ان کے منتظر ہوں گے۔

لاہور سے پہلے 2012ء میں سیالکوٹ اسٹالینز اور 2013ء میں فیصل آباد وولفز سی ایل ٹی20 میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں اور دونوں ٹیمیں کوالیفائنگ مرحلے ہی میں ناکام ہوئیں۔ اگر لاہور کل سے رائے پور میں شروع ہونے والے مرحلے سے آگے نکل گیا تو وہ سی ایل ٹی20 کے مین راؤنڈ میں پہنچنے والی پہلی پاکستانی ٹیم ہوگی۔ پاکستان اپنا پہلا مقابلہ کوالیفائنگ مرحلے کے پہلے ہی دن ممبئی انڈینز سے کھیلے گا۔

سی ایل ٹی20 کا مرکزی مرحلہ 17 ستمبر کو شروع ہوگا اور 6 ملین ڈالرز کی کل انعامی مالیت کا یہ ٹورنامنٹ 4 اکتوبر کو بنگلور میں فائنل تک جاری رہے گا جہاں جیتنے والی ٹیم کو ڈھائی ملین ڈالرز ملیں گے۔