سعید اجمل پر پابندی کرکٹ کے لیے اچھا فیصلہ ہے: آسٹریلوی کوچ

8 1,067

اگلے ماہ پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل آسٹریلیا کے لیے سب سے پریشان کن امر میزبان کی اسپن باؤلنگ قوت تھی۔ جن اسپن باؤلرز نے متحدہ عرب امارات کے انہی میدانوں پر اپنے وقت کے نمبر ایک انگلستان کو کچل دیا تھا، اس کا سامنا کرتے ہوئے آسٹریلیا کے بلے بازوں کے دانتوں پر بھی پسینہ آجاتا لیکن سعید اجمل پر عائد پابندی سے آسٹریلیا کے خیمے میں سکون کی لہر دوڑا دی ہے۔ یہاں تک کہ اب ہیڈ کوچ بھی خوشی سے مسکراتے دکھائی دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ سعید اجمل پر پابندی کرکٹ کے لیے اچھا فیصلہ ہے۔

ڈیرن لیمن آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی کا حصہ ہیں، جس نے چیف ایگزیکٹو کمیٹی کو سفارشات پیش کی تھیں کہ غیر قانونی باؤلنگ ایکشن رکھنے والے باؤلرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے (تصویر: Getty Images)
ڈیرن لیمن آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی کا حصہ ہیں، جس نے چیف ایگزیکٹو کمیٹی کو سفارشات پیش کی تھیں کہ غیر قانونی باؤلنگ ایکشن رکھنے والے باؤلرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے (تصویر: Getty Images)

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فتوحات کو ہدف پر رکھنے والے آسٹریلوی کوچ کہتے ہیں کہ معاملہ جب تک بالکل ٹھیک ہے، جب تک آپ قانون کے دائرے کے اندر ہیں، لیکن اگر آپ اس حد سے باہر ہیں تو پھر آپ نظروں میں آئیں گے اور آئی سی سی یہی فیصلہ کیا ہے کہ قانونی حدود سے باہر باؤلرز پر نظر رکھیں۔

ڈیرن لیمن آئی سی سی کی 17 رکنی کرکٹ کمیٹی کا حصہ ہیں جس نے رواں سال جون میں چیف ایگزیکٹوز کمیٹی کو وہ سفارشات پیش کی تھیں، جن میں مشتبہ باؤلنگ ایکشن رکھنے والے باؤلرز کے خلاف کڑی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

حتمی منظوری کے بعد اب تک دو ماہ میں 7 گیندبازوں کے باؤلنگ ایکشنز کو رپورٹ کیا جاچکا ہے جن میں سے اب تک سعید اجمل سمیت تین جانچ کے مراحل سے گزر چکے ہیں اور تینوں پر پابندی عائد ہوئی ہے۔ سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کی جانچ رپورٹ کے مطابق باؤلنگ کرواتے ہوئے ان کی کہنی میں اوسط خم 42 درجے زاویے کا ہے جبکہ آئی سی سی کی جانب سے 15 درجے سے زیادہ کے خم کی اجازت نہیں۔

اس صورتحال میں پاکستان نے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کرلی ہیں کہ وہ سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو قانونی حدود میں لانے کی کوشش کریں۔ البتہ یہ خاصا وقت طلب کام ہوسکتا ہے جبکہ پاک-آسٹریلیا سیریز کا آغاز 5 اکتوبر کو واحد ٹی ٹوئنٹی سے ہو رہا ہے۔ اس لیے آسٹریلیا کے لیے فی الحال پریشانی کی کوئی بات نہیں ۔

ڈیرن لیمن کہتے ہیں کہ سعید اجمل پر پابندی کھیل کے لیے بہت اچھا فیصلہ ہے اور ہمیں یقینی بنانا ہوگا کہ کھیل مکمل طور پر شفاف انداز میں کھیلا جائے۔