آفریدی اور عمر اکمل پر جرمانے، مصباح اور احمد شہزاد کے لیے بونس

1 1,066

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد آفریدی اور عمر اکمل سمیت متعدد کھلاڑیوں کے فٹنس کے معیار پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے سخت جرمانے عائد کیے ہیں۔

بورڈ نے رواں ماہ اعلان کیا تھا کہ جو فٹنس معیار پر پورا نہیں اترے گا، اس پر جرمانہ عائد ہوگا (تصویر: AFP)
بورڈ نے رواں ماہ اعلان کیا تھا کہ جو فٹنس معیار پر پورا نہیں اترے گا، اس پر جرمانہ عائد ہوگا (تصویر: AFP)

پی سی بی نے چند ماہ قبل لاہور میں ہونے والے گرمائی کیمپ کے بعد تمام کھلاڑیوں کے لیے فٹ رہنے کے معیارات مقرر کیے تھے اور رواں ماہ کی 6 تاریخ سے بورڈ نے 28 کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لیا جس کا نتیجہ آج اس صورت میں سامنے آیا ہے کہ احسان عادل، حارث سہیل،خرم منظور، رضا حسن، سرفراز احمد، شاہد آفریدی، شرجیل خان، صہیب مقصود، عبد الرحمن، عمر اکمل، محمد طلحہ اور محمد عرفان کو معیار پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے جرمانے بھگتنا پڑیں گے۔

معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق ان کھلاڑیوں کو چار مہینوں تک اپنی ماہانہ تنخواہ کے 25 فیصد حصے سے محروم ہونا پڑے گا۔ چار مہینے مکمل ہونے پر ان کی فٹنس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

اسد شفیق، اظہر علی، انو رعلی، جنید خان، ذوالفقار بابر، راحت علی، عدنان اکمل، عمر گل، فواد عالم، محمد حفیظ اور یونس خان اپنے ٹیسٹ کلیئر کرنے میں کامیاب رہے۔ ان کے علاوہ بہتر فٹنس رکھنے والے کھلاڑیوں کو بونس بھی دیے گئے ہیں۔ ان میں بہترین فٹنس پر شان مسعود اور عمر امین کو چار مہینوں تک 17.5 فیصد تنخواہ کا بونس ہر ماہ ملے گا جبکہ ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان مصباح الحق، احمد شہزاد اور بلاول بھٹی کو 10، 10 فیصد بونس ملے گا۔

پی سی بی نے فٹنس کے معیار پر پورا اترنے اور نہ اترنے پر انعام اور جرمانے لگانے کا اعلان رواں ماہ کیا تھا۔ مرکزی معاہدوں کے حامل کھلاڑیوں میں سے اب بھی دو کھلاڑیوں کی جانچ باقی ہیں۔ ناصر جمشید اور وہاب ریاض اس وقت چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے لیے بھارت میں موجود ہیں اور وطن واپسی پر جانچ کے عمل سے گزریں گے۔