ویسٹ انڈیز دورۂ بھارت کے لیے تیار، کرس گیل دستیاب نہیں ہوں گے

1 1,020

نیم جان بنگلہ دیش کو تمام مقابلوں میں شکست دینے کے بعد اب ویسٹ انڈیز کی عالمی کپ کی تیاریوں کا باضابطہ آغاز ہوا چاہتا ہے۔ ویسٹ انڈیز پانچ ون ڈے مقابلوں کی سیریز کھیلنے کے لیے اگلے ماہ بھارت کا دورہ کرے گا جس کے لیے 15 رکنی دستے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

کرس گیل زخمی ہونے کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرا ٹیسٹ کھیلنے سے بھی محروم رہ گئے تھے، اب بھارت کا دورہ بھی نہیں کریں گے (تصویر: WICB)
کرس گیل زخمی ہونے کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرا ٹیسٹ کھیلنے سے بھی محروم رہ گئے تھے، اب بھارت کا دورہ بھی نہیں کریں گے (تصویر: WICB)

جارحانہ بلے باز کرس گیل اور ساتھی اوپنر کرک ایڈورڈز دورۂ بھارت میں شریک نہیں ہو پائیں گے جبکہ مارلون سیموئلز، ڈیوین اسمتھ اور جیروم ٹیلر کو واپس ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ گیل ران کے پٹھے میں تکلیف کا شکار ہیں اور ابھی تک مکمل صحت یاب نہیں ہوسکے۔ اسمتھ اور سیموئلز کو انگلستان کے خلاف تین مقابلوں کی ایک روزہ سیریز میں شکست کے بعد نکال دیا گیا تھا۔ جیروم ٹیلر 4 سال کے طویل عرصے بعد محدود اوورز کی کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کریں گے۔ وہ زخمی ہونے کی وجہ سے عرصہ دراز تک کرکٹ سے باہر رہے اور رواں سال دورۂ نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ کے ذریعے واپس آئے۔

بھارت-ویسٹ انڈیز سیریز کا آغاز 8 اکتوبر کو کوچی میں پہلے ایک روزہ مقابلے سے ہوگا۔

اعلان کردہ دستہ:

ڈیوین براوو (کپتان)، آندرے رسل، جیروم ٹیلر، جیسن ہولڈر، دنیش رام دین، ڈیرن براوو، ڈیرن سیمی، ڈیوین اسمتھ، روی رامپال، سنیل نرائن، کیرون پولارڈ، کیمار روچ، لینڈل سیمنز، لیون جانسن اور مارلون سیموئلز۔