عالمی کپ سے پہلے سعید اجمل کی واپسی ہدف ہے: ثقلین مشتاق

1 1,052

پاکستان کے سابق اسپن گیندباز ثقلین مشتاق نے عالمی کپ 2015ء سے پہلے سعید اجمل کو بین الاقوامی کرکٹ میں واپس لانے کو اپنا ہدف قرار دے دیا ہے۔

ثقلین مشتاق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں مشتاق احمد کی مدد سے سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو بہتر بنانے پر کام کررہے ہیں
ثقلین مشتاق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں مشتاق احمد کی مدد سے سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو بہتر بنانے پر کام کررہے ہیں

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے حال ہی میں سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں گیندبازی سے روک دیا ہے اور یوں ون ڈے کرکٹ کے نمبر ایک باؤلر کا مستقبل مخدوش ہوچکا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو قانونی حدود میں لانے کے لیے سابق آف اسپنر اور "دوسرا" کے موجد ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کی ہیں جو گزشتہ روز اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ سعید اجمل کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے حوالے سے ہم سب مثبت ذہن رکھتے ہیں۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اب تک ثقلین مشتاق سعید اجمل کے ساتھ دو نشستیں کر چکے ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ قومی اسپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد اور این سی اس کے ہیڈ کوچ محمد اکرم بھی موجود تھے۔

ثقلین مشتاق نے سعید اجمل کی مدد کو اپنے لیے قابل فخر سمجھتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ لیکن میں اور سپورٹنگ عملہ پرامید ہے کہ ہم اچھے نتائج حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کی رپورٹ کا مطالعہ کرنے کے بعد اب سعیداجمل کے باؤلنگ ایکشن کو قانونی حدود میں لانے کے لیے کچھ وقت درکار ہوگا۔ اگر کھلاڑي محنتی اور حوصلہ مند ہو تو وہ مطلوبہ نتائج جلدی حاصل کرسکتا ہے اور سعید اجمل میں یہ دونوں خوبیاں پائی جاتی ہیں۔

سعید اجمل کی جسمانی کیفیت کے بارے میں ثقلین نے کہا کہ وہ جسمانی لحاظ سے اس وقت بہترین حالت میں ہیں۔ ان کی رپورٹ کا مطالعہ کیا ہے اور ان کے پٹھے اور ہاتھ کی حرکت بالکل ٹھیک ہے۔ ثقلین نے بتایا کہ ان کے پاس ضروری کیمرے، آلات اور سافٹویئرز موجود ہیں جن کی مدد سے وہ سعید کے ایکشن کی جانچ کر سکیں گے۔

ثقلین نے شائقین کرکٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ سعید اجمل کی حوصلہ افزائی کریں، کیونکہ وہ صرف پاکستان نہیں بلکہ عالمی کرکٹ کا بھی اثاثہ ہیں۔

ستمبر کے اوائل میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے بایومکینکس جانچ کے بعد قرار دیا تھا کہ سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن تمام گیندیں پھینکتے ہوئے قانونی حدود سے تجاوز کر جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ انہیں فوری طور پر بین الاقوامی کرکٹ میں باؤلنگ سے روک دیا گیا۔