پی سی بی علاقائی ٹیمیں کاروباری اداروں کے سپرد کرنے کا خواہاں

2 1,015

پاکستان کے کرکٹ میدان عرصہ دراز سے بین الاقوامی کرکٹ کی رونق سے محروم ہیں اور اسی وجہ سے بورڈ کو خاصا مالی نقصان بھی ہو رہا ہے۔ اس خسارے کو پورا کرنے کے لیے پی سی بی نے تمام علاقائی ٹیموں کے معاملات کاروباری اداروں کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 16 ٹیموں کو تین زمروں میں تقسیم کیا ہے، زمرہ اول کی ٹیم کی کم از کم قیمت 3 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے (تصویر: PCB)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے 16 ٹیموں کو تین زمروں میں تقسیم کیا ہے، زمرہ اول کی ٹیم کی کم از کم قیمت 3 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے (تصویر: PCB)

پی سی بی کے منصوبے کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ کی تمام 16 ٹیمیں خریدنے کے لیے دستیاب ہوں گی اور خریدنے والا ادارہ ٹیم کے لیے اشتہارات حاصل کرکے اس سے آمدنی حاصل کرسکتا ہے۔ ذرائع نےبتایا ہے کہ بورڈ نے ٹیموں کو تین زمروں میں تقسیم کیا ہے جن میں سیالکوٹ اسٹالینز، لاہور لائنز، کراچی ڈولفنز، کراچی زیبراز، لاہور ایگلز اور فیصل آباد وولفز پہلے درجے میں ہیں۔ اس درجے کی ٹیموں کو خریدنے کے لیے کم از کم رقم 3 کروڑ روپے ہوگی۔

اس کے علاوہ راولپنڈی ریمز، ایبٹ آباد فیلکنز، اسلام آباد لیپرڈز، ملتان ٹائیگرز اور پشاور پینتھرز کو دوسرے زمرے میں رکھا گیا ہے۔ ان ٹیموں کی کم از کم قیمت 2 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ حیدرآباد، آزاد جموں و کشمیر، لاڑکانہ اور بہاولپور کی ٹیمیں تیسرے زمرے میں ہوں گی، جن کی قیمت کم از کم 1 کروڑ روپے سے شروع ہوگی۔

علاقائی ٹیموں کا مالک ادارہ ٹیم کی پالیسیوں اور تمام فیصلوں میں شامل ہوگا اور ٹیم کے لیے 18 اسپانسرز حاصل کرسکتا ہے البتہ ٹیم سلیکشن کے معاملات میں علاقائی اور بورڈ عہدیداران کی شمولیت ضروری ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان کا اہم ٹورنامنٹ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ اس وقت کراچی میں جاری ہے، جس کا فائنل کل نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔